مکانوں کی اوسط قیمت مسلسل پانچویں ماہ اونچی ترین سطح پر

لندن،جون۔ اخراجات زندگی میں بے پناہ اضافے کے ساتھ ہی برطانیہ میں مکانوں کی اوسط قیمت مسلسل پانچویں ماہ اونچی ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ رائٹ موو کے مطابق مکانوں کی قیمت میں ماہ بہ ماہ ہونے والے اضافے کے بعد ایک اوسط مکان کی قیمت میں 1,113پونڈ کا اضافہ ہوچکا ہے اور اب ایک اوسط مکان کی قیت کم وبیش 368,614پونڈ تک پہنچ چکی ہے۔ رائٹ موو کے مطابق اخراجات زندگی اور سود کی شرح میں اضافے کے باوجود مکانوں کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور قیمتوں میں اضافے کے باوجود مکانوں کی طلب بڑھتی چلی جا رہی ہے۔ رائٹ موو کے ڈائریکٹر پراپرٹی رائٹس ٹم بینسٹر کا کہنا ہے کہ سال کی آخری ششماہی میں داخل ہوتے ہوئے ہمیں قیمتوں میں کچھ کمی محسوس ہورہی ہے۔ رائٹ موو کا کہنا ہے کہ اب کسی پراپرٹی کو خریدنے کے بعد اسے اپنے نام منتقل کرانے میں 150دن لگ جاتے ہیں جبکہ 2019 میں اس کام میں 100 دن میں مکمل ہوجاتا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اس سال اب تک کم وبیش 500,000 مکانوں کی فروخت کرنے کے معاہدے طے پاچکے ہیں، مکانوں کی فروخت سے متعلق یہ شرح 2019 کے مقابلے میں 44فیصد زیادہ ہے۔ پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اب بھی تیزی برقرار ہے اور بہت سی پراپرٹیز روایتی قیمتوں سے اونچی قیمتوں میں فروخت ہورہی ہیں لیکن گزشتہ 6 ہفتوں کے دوران قیمتوں میں کچھ کمی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے، اس کا سبب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے مزید املاک فروخت کی غرض سے مارکیٹ میں آگئی ہیں، اس کے علاوہ بڑھتے ہوئے اخراجات زندگی، لوگوں کی جانب سے ترجیحات تبدیل کیا جانا بھی اس کا ایک سبب ہوسکتا ہے۔ پراپرٹیز کی قیمتوں کے بارے میں حال ہی میں جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک مکانوں کی قیمتوں میں اوسط 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اگلے سال قیمتوں میں 1.8فیصد اور 2024میں 1.2فیصد اضافے کا امکان ہے۔ ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ سود کی شرح میں اضافے سے اس دفعہ بھی مالکان مکان گزشتہ سال کی طرح ہی ردعمل کا اظہار کریں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سود کی شرح میں اضافے سے پراپرٹی کی قیمت اسی طرح متاثر ہوگی جس طرح اس پہلے بھی متاثر ہوتی رہی ہیں۔ پیر کو جاری کی جانے والی ایک دوسری رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہیکہ ان کے موجود مکان ان کی چندضروریات کے علاوہ کوئی ضرورت پوری نہیں کرتے جبکہ مکان تبدیل کرنے کی خواہش رکھنے والوں میں 23فیصد افراد اخراجات زندگی میں اضافے کی موجود ہ لہر کے بعد اب اپنی بقیہ زندگی نسبتاً چھوٹے مکان میں گزارنا چاہتے ہیں۔

Related Articles