مودی نے آسٹریلیائی وزیر اعظم سے ملاقات کی
ٹوکیو، مئی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں آسٹریلیا کے وزیر اعظم اینتھونی البانیس کے ساتھ ملاقات کی۔امریکہ، آسٹریلیا، ہندوستان، جاپان کے چار فریقی اتحاد کواڈ کے چوتھے سربراہی اجلاس کے موقع پر منعقدہ میٹنگ میں مسٹر مودی نے مسٹر البانیس کو انتخابات میں ان کی جیت اور وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی۔ قبل ازیں کواڈ سمٹ میں اپنے ابتدائی کلمات میں مسٹر مودی نے کہاکہ ’’سب سے پہلے وزیر اعظم انتھونی البانیس کے انتخابات میں آپ کی جیت پر آپ کو بہت بہت مبارک ہو، بہت بہت نیک خواہشات۔ حلف اٹھانے کے 24 گھنٹے بعد آپ کا ہمارے درمیان ہونا، یہ عہد دوستی کی طاقت اور اس سے آپ کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت ہمارے کثیر جہتی دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیا، جس میں تجارت اور سرمایہ کاری، دفاعی مینوفیکچرنگ، قابل تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، زرعی، کھیل اور تعلقات عامہ کے درمیان رابطہ شامل ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار کو برقرار رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مسٹر مودی نے مسٹر البانیس کو ہندوستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔