مقابلۂ حْسن ’مس سری لنکا‘ کشتی کا اکھاڑا بن گیا؛ ویڈیو وائرل
نیویارک،اکتوبر۔ امریکا میں منعقدہ مس سری لنکا کے مقابلہ حسن میں شریک مہمان آپس میں گتھم گتھا ہوگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک کے علاقے اسٹیٹن آئی لینڈ میں مس سری لنکا کے لیے مقابلہ حسن جاری تھا جس میں 300 سے زائد مہمان شریک تھے۔ کسی بات پر شرکاء میں تلخ کلامی ہوئی اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔مہمانوں کے دو گروپس میں ہونے والی ہاتھا پائی میں خواتین بھی شامل ہوگئیں اور بات اتنی بڑھ گئی کہ منتظمین کو مقابلہ حسن روکنا پڑا۔ لڑائی جھگڑے میں اسٹیج اور ہال کو بھی نقصان پہنچا۔مقابلہ حسن کے شرکاء میں سے ہی کسی نے ہنگامہ آرائی کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔ صارفین نے تقریب کے شرکاء کی ہنگامہ آرائی کو سری لنکا کے لیے شرمندگی کا باعث قرار دیا۔تاہم کچھ صارفین نے پْرمزاح تبصرے بھی کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ میرا تعلق سری لنکا ہے اور یہ لڑائی جھگڑا مجھے گاؤں کی یاد دلا رہا ہے کیوں کہ وہاں ہر تقریب کا اختتام اسی طرح لڑائی جھگڑے پر ہوتا ہے۔تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ شرکاءکے درمیان جھگڑا کس بات پر ہوا تاہم کہا جا رہا ہے کہ جھگڑا مقابلے میں حصہ لینے والے 14 امیدواروں میں سے کسی کا نہیں ہوا تھا۔ تقریب کے چند مہمان آپس میں لڑ پڑے تھے۔نیویارک پولیس نے لڑائی جھگڑا کرنے والے چند مشکوک مہمانوں کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ گزشتہ برس مسز سری لنکا کے مقابلے میں اس وقت ڈرامائی صورت حال پیدا ہوگئی تھی جب فاتح خاتون پشپیکا ڈی سلوا کو تاج پہنانے کے بعد سابق مسز سری لنکا نے ان کا تاج یہ کہہ اتار لیا کہ وہ طلاق یافتہ خاتون ہیں جب کہ یہ مقابلہ صرف شادی شدہ خواتین کا ہے۔سابق مسز سری لنکا نے تاج رنراپ کو پہنا دیا تاہم بعد میں پشپیکا ڈی سلوا نے فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ان کی شوہر کے ساتھ علیحدگی ہوئی ہے طلاق نہیں اور یہ دونوں الگ الگ چیزیں ہیں۔مقابلے کے منتظمین نے تحقیقات کے بعد تاج دوبارہ پشپیکا ڈی سلوا کو دیدیا اور معذرت بھی کی۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ بہت جلدبازی میں مکمل معلومات نہ ہونے کے باعث ہوا۔ تحقیقات میں پشپیکا ڈی سلوا سچی ثابت ہوئیں۔