مصرکے ہائیڈروجن کی پیداوار کے منصوبوں کے لیے آٹھ فریم ورک سمجھوتوں پردست خط
قاہرہ،نومبر ۔ مصرنے کم کاربن ہائیڈروجن منصوبوں کی ترقی کے لیے آٹھ فریم ورک سمجھوتوں پر دست خط کیے ہیں۔مصرکے وزیر برائے بجلی محمد شاکر نے منگل کے روزبتایا ہے کہ یہ سمجھوتے اے ایم ای اے پاور، الفنار، ٹوٹل انرجیز اور فورٹسکیو فیوچرانڈسٹریز (ایف ایف آئی) سمیت دیگر کمپنیوں کے ساتھ کیے گئے ہیں۔شاکر نے مصر کے ساحلی مقام شرم الشیخ میں منعقدہ کوپ 27 کانفرنس کے موقع پر کہا کہ ’’جن آٹھ فریم ورک سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے ہیں،وہ مفاہمت کی یادداشتیں نہیں ہیں بلکہ ایک سمجھوتا کسی ایک ایم اویو سے بڑا ہے‘‘۔اقوام متحدہ کی کوپ 27 موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کامیزبان مصر خود کو ہائیڈروجن کی پیداوار کے لیے ایک علاقائی مرکز کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔اس نے گذشتہ چند ماہ کے دوران میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دست خط کیے ہیں۔ان میں سوئز کینال اکنامک زون میں 8 ارب ڈالر کی گرین ہائیڈروجن فیکٹری اور سعودی عرب کی کمپنی الفنار کی جانب سے 3.5 ارب ڈالر کا گرین ہائیڈروجن منصوبہ شامل ہے۔مذکورہ سمجھوتوں کے اجراء کی تاریخوں اور مالی قدر کے بارے میں تفصیل ظاہر نہیں کی گئی ہے لیکن سرکاری خبر رساں ایجنسی مینا نے بتایا کہ مصرنے قابل تجدید توانائی کے 83 ارب ڈالرمالیت کے معاہدوں پردست خط کیے ہیں۔