مصر:منگنی سے انکاری دوشیزہ کو قتل کرنے والے شخص نے خودکشی کرلی
الزقازیق،ستمبر۔مصرکی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کے روزمنگنی کی تجویز سے انکار پردوشیزہ کو قتل کرنے والے شخص نے خودکشی کرلی ہے۔29سالہ احمد فتحی عمیرہ گورنری المنوفیہ میں واقع گاؤں توخ تنبیشا میں امانی عبدالکریم الجزار کو قتل کرنے کے بعد مردہ پایا گیاہے۔مصری وزارت داخلہ نے اتوار کی شام متعدد ٹویٹس میں کہا کہ عمیرہ نے ’’اسی ہتھیار کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کی ہے جس سے اس نے پہلے الجزار کوقتل کیاتھا‘‘۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کی لاش المنوفیہ گورنری کے شہر کوویسنا میں ایک زرعی سڑک سے ملی ہے۔اس واقعہ سے متعلق قانونی اقدامات کیے گئے ہیں اور مستغیث عام اس کی تحقیقات کررہا ہے۔سوشل میڈیا پرگردش کرنے والی ایک ویڈیو میں عمیرہ جھاڑیوں میں چھپاہوا نظرآرہا ہے۔اس نے ویڈیو میں کہا:’’میں احمد ابوعمیرہ ہوں، تم سب لوگ مجھے تلاش کررہے ہو۔میں مجرم ہوں۔میں اس کے لیے سانس لیتا تھااور اسی کے لیے جی رہا تھا … میں تمھارا(الجزارکا) بدلہ لوں گا‘‘۔اب یہ واضح نہیں کہ وہ کس سے مخاطب تھا۔اطلاعات کے مطابق 29سالہ احمد فتحی عمیرہ نے المنوفیہ میں واقع گاؤں توخ تنبیشا میں امانی عبدالکریم الجزارکو اس وقت قتل کردیا جب اس نے اور اس کے اہل خانہ نے اس کی منگنی کی تجویز مستردکردی تھی۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے خبردی تھی کہ الجزارجامعہ المنوفیہ کی فیکلٹی آف فزیکل ایجوکیشن کی طالبہ تھیں۔گاؤں کے مکینوں نے العربیہ کو بتایا کہ مشتبہ شخص مبینہ طور پراپنی منگنی کی تجویزمسترد ہونے پر مشتعل ہوگیا اور اس نے الجزارکو’’اس کے خاندان کے گھر کے سامنے گولی مار دی اور بعد میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا‘‘۔انھوں نے بتایا کہ مقتولہ نے فتحی عمیرہ کو اس کے برے چال چلن کی وجہ سے مسترد کردیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھاکہ وہ ایک ذہین اور اچھی طالبہ تھیں۔مصرمیں حالیہ مہینوں میں اس نوعیت کے قتل کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں اور مردوں نے شادی سے انکارکرنے والی لڑکیوں کو بے دردی سے قتل کردیا ہے۔قریباً دوماہ قبل21 سالہ مصری طالبہ نائیرہ اشرف کو ایک ایسے ہی شخص نے قتل کر دیا تھاجس کی شادی کی تجویز کو اس نے مسترد کر دیا تھا۔ایک اور طالبہ21 سالہ سلمیٰ بہجت کوایک شخص نے ناتا توڑنے پرقتل کر دیاتھا۔اس قاتل کے خلاف الزقازیق شہر میں ایک فوجداری عدالت میں اتوار کو مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تھی مگر مقدمے کی مزید کارروائی منگل تک ملتوی کردی گئی۔