مشفق الرحیم دورہ ویسٹ انڈیز سے باہرہوئے
ڈھاکہ، مئی۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے مشفق الرحیم کو جولائی میں ہونے والے بنگلہ دیش کے دورہ ویسٹ انڈیز سے چھٹی دے دی ہے۔ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق رحیم کو رواں سال جولائی میں حج کے لیے سعودی عرب جانا ہے، جس کے لیے وہ 22 جون کو روانہ ہوں گے۔ بی سی بی کے کرکٹ آپریشنز چیئرمین جلال یونس نے کہا، انہوں نے ہمیں سری لنکا دورے سے پہلے بتایا تھا کہ وہ اس سال حج پر جانا چاہتے ہیں۔ جب ان کے سفرحج کی تصدیق ہوگئی تو انہوں نے ہمیں خط لکھ کرکہا کہ وہ جانا چاہتے ہیں۔ ہم نے انہیں چھٹی دے دی ہے۔ پہلے ہم نے سوچا تھا کہ وہ ٹور کے کچھ حصے کے لیے موجود ہوں گے لیکن وہ پورے دورے سے باہر رہنے والے ہیں۔ بنگلہ دیش 5 جون کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگا۔ تسکین احمد، مہدی حسن معراج، شرف الاسلام اور نعیم حسن کی شکل میں بنگلہ دیش کے چار اہم گیندباز پہلے ہی انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔ ایسے میں بنگلہ دیش کو اپنے سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی کی کمی محسوس ہوگی۔