مسجد حرام اور مسجد نبویؐ میں داخلے کے لیے عمر کی شرط ختم
ریاض،فروری۔سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ توکلنا ایپ میں محصن (امیون) کا ہیلتھ سٹیٹس رکھنے والے ہر زمرے کے افراد کو مسجد حرام اور مسجد نبوی جانے کی اجازت ہو گی۔وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں جانے کی بنیادی شرط ہیلتھ سٹیٹس محصن ( امیون) ہونا ہے۔یاد رہے کہ وزارت حج وعمرہ سے استفسار کیا جا رہا ہے کہ وہ بچے جن کا ہیلتھ سٹیٹس توکلنا ایپ میں امیون نہیں ہے مسجد حرام جا سکتے ہیں۔وزارت حج نے بیان میں مزید کہا کہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں عمر کی شرط ختم کر دی گئی ہے کسی بھی عمر کے افراد حرمین شریفین جا سکتے ہیں بشرطیکہ توکلنا ایپ میں ان کا ہیلتھ سٹیٹس محصن (امیون) کا ہو، اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازات نامہ لینا ہو گا۔مسجد حرام کے زائرین نے ہر عمر کے افراد کو جانے کی اجازت ملنے پر کرونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ عمرہ اور نمازیں ادا کی ہیں۔مسجد حرام کے صحنوں میں جانے کے لیے توکلنا اور اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ دکھانا ضروری ہو گا۔ یہ پابندی نماز کا اجازت نامہ رکھنے والوں اور عمرہ زائرین کے لیے بھی ہے۔