’مردہ‘قرار معمر خاتون سرد خانے میں زندہ ہوگئی
نیویارک،فروری۔امریکی ریاست نیویارک کے تدفین کے ایک سرد خانے کے عملے کو اس وقت زندگی کا سب سے بڑا جھٹکا لگا جب ایک ‘مردہ’ خاتون زندہ ہوگئی۔ریاست نیویارک کے علاقے سفوک کاؤنٹی کی پولیس کے مطابق 82 سالہ خاتون کو 4 فروری کو ایک نرسنگ سینٹر نے مردہ قرار دیا گیا تھا جس کے بعد اسے تدفین کے لیے ایک سرد خانے میں منتقل کیا گیا۔پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس خاتون کو صبح 11 بج کر 15 منٹ پر مردہ قرار دیا گیا تھا اور دوپہر ڈیڑھ بجے سرد خانے میں پہنچایا گیا۔اس جگہ پہنچنے کے 40 منٹ بعد یا مردہ قرار دینے کے لگ بھگ 3 گھنٹے بعد سرد خانے کے عملے نے دریافت کیا کہ خاتون سانس لے رہی ہے۔اس کے بعد خاتون کو ایک مقامی اسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت کیسی ہے، یہ واضح نہیں۔پولیس نے بتایا کہ نیویارک اٹارنی جنرل کے دفتر کی جانب سے اس واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔نرسنگ سینٹر کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔یہ امریکا میں ایک ماہ کے دوران اس طرح کا دوسرا واقعہ ہے۔اس سے قبل جنوری 2023 کے شروع میں امریکی ریاست آئیووا میں ایک 66 سالہ خاتون کو مردہ قرار دیا گیا تھا جو بعد میں زندہ نکلی۔اس خاتون کی آخری رسومات ادا کی جا رہی تھیں جب وہ سانس لینے لگی۔اس کے بعد خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 2 دن بعد چل بسی۔دوران تفتیش اسپیشل کیئر سینٹر کے ایک ملازم نے بتایا کہ 3 جنوری کو خاتون بالکل بھی سانس نہیں لے رہی تھی اور اس کی نبض بھی حرکت نہیں کر رہی تھی تو اس وقت اس کی اطلاع ایک نرس کو دی گئی۔نرس نے بھی دعویٰ کیا کہ اس نے بھی پوری رات خاتون کی نبض میں کسی قسم کی حرکت نوٹ نہیں کی، جس کے بعد کیئر سینٹر نے خاتون کو مردہ قرار دیکر لاش کو بیگ میں بندکر کے مردہ خانے بھجوا دیا۔