مخالف ٹیموں کے بیٹرز کو ہلا دینے والے حسن علی کا خفیہ ہتھیار کیا ہے؟

کراچی،جنوری۔پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا ’خفیہ ہتھیار‘ ان کا باؤنسر ہے جو بولنگ کے دوران جب ایک دم آتا ہے تو مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو ’ہلا‘ دیتا ہے۔حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران فاسٹ بولر حسن علی نے اپنی بولنگ اور پی ایس ایل 7 سے متعلق گفتگو کی اور کہا کہ ’میں اپنی اِن سوئنگ کے لیے مشہور ہوں جبکہ باؤنسر میرا خفیہ ہتھیار ہے جو مخالف ٹیموں کے بلے بازوں کو ہلا دیتا ہے۔ پاکستان سْپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت کے لیے کتنے پرجوش ہیں؟ کے سوال پر حسن نے کہا کہ یہ تمام کرکٹرز کے لیے پْرجوش لمحات ہیں، میں جب سے پی ایس ایل شروع ہوا ہے اس میں کھیل رہا ہوں اور یہ ایک بہترین احساس ہے کہ آپ کے ملک کا اپنا ایونٹ ہونے والا ہے تو کسی بھی کھلاڑی کے لیے خاصے خوشی کے لمحات ہیں۔پاکستانی کھلاڑی کا مزید کہنا تھا کہ ’میں پی ایس ایل 7 کے لیے بے تاب ہوں اور میں رواں سال اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی اْمید کر رہا ہوں۔پاکستان کی سر زمین پر انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر کیے گئے سوال پر حسن علی نے کہا ’ غیر ملکی دورے ہمارے نوجوانوں اور آنے والے کھلاڑیوں کے لیے بہترین ہیں، اس سے ہمارے کھلاڑیوں کو اعتماد ملتاہے اور نوجوان کھلاڑی ان سے بہت کچھ سیکھتے ہیں لہٰذا اسے الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا کیسا محسوس ہوتا ہے، خاص طور پر اْس وقت کہ جب ہمارے ملک میں 10 سے 12 سال بعد کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہو۔حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کیچ ڈراپ ہونے پر مداحوں کی جانب سے ملنے والی حمایت پر فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ہم سوشل میڈیا کا استعمال زیادہ نہیں کرتے لیکن ایسا پہلی بار ہوا جب سوشل میڈیا پر کسی کو حمایت زیادہ اور تنقید کم ہوئی۔حسن علی نے دوران گفتگو ان مداحوں کا شکریہ بھی اداکرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے مجھ پر تنقید کی ان سے زیادہ ( میرے خیال میں 90 فیصد ) لوگوں نے میری حمایت کی، اس لیے مجھے یقین ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ میں میدان میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہوں۔پاکستانی فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا تھا کہ کیچ چھوڑوں لیکن ہوگیا اور بدقسمتی سے پاکستان سیمی فائنل جیتنے میں ناکام رہا لیکن کرکٹ میں اتار چڑھاؤ کھیل کا حصہ ہوتے ہیں۔

Related Articles