مجھے کنگنا رناوت سے کوئی مسئلہ نہیں مسئلہ اسے ہے، تاپسی پنو
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ کی اداکارہ تاپسی پنوں کا کہنا ہے کہ انہیں اداکارہ کنگنا رناوت کو آداب یا خوش آمدید کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں، لیکن اسکے ضروری ہے کہ ان سے آمنا سامنا تو ہو۔ واضح رہے کہ تاپسی اور کنگنا کے درمیان ماضی میں ٹوئٹر پر کافی کشیدگی رہی، اسکی وجہ کنگنا اور انکی بہن رنگولی چندل کی جانب سے تاپسی کو درجہ دوم اداکارہ اور دوسرے القابات دینے سے ہوئی تھی۔یہ مارچ 2021 کی بات ہے جب کنگنا نے تاپسی کو اپنی ’سستی کاپی‘ کہا اور اپنی ٹوئٹس میں انہوں نے تاپسی اور فلمساز انوراگ کیشپ کے خلاف انکم ٹیکس کیسز کو موضوع بنایا، جبکہ کنگنا کی بہن رنگولی چندل نے تاپسی کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کنگنا کی سستی کاپی کہا۔ ایک میڈیا ادارے نے جب تاپسی سے کنگنا کے اس بیان کے بارے میں سوال کیا اور پوچھا کہ کیا وہ کبھی کنگنا سے ملی ہیں؟ اس پر تاپسی نے جواباً کہا کہ میں اس پر کیا کہہ سکتی ہوں، مجھے ایسی باتوں سے کوئی مسئلہ نہیں، ایمانداری کی بات ہے کہ میں تو اسے جانتی تک نہیں۔میں نے اسے صرف پنک کی اسکریننگ کے موقع پر دیکھا، جب میں نے نئی نئی انڈسٹری جوائن کی تھی، تو یہ ملاقات تو ویسے ہی ہے جیسے کہ مہمان ایک دوسرے کو ہیلو ہائے کہتے ہیں۔ ویسے اگر کبھی اس سے آمنا سامنا ہوا تو میں ہیلو کہوں گی، میں منہ پھیر کر نہیں جاؤں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، پرابلم اسے ہے، تو اس کی مرضی ہے۔ مجھے ابتدا میں جھٹکا لگتا ہے، وہ اتنی اچھی ایکٹر ہیں، تو جب انہوں نے مجھے اپنی سستی کاپی کہا تو یہ میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔یاد رہے کہ اپنے پرانے انٹرویو میں تاپسی نے دعویٰ کیا تھا کہ کنگنا میری زندگی میں ایک غیر متعلقہ شخصیت ہیں، ہاں وہ ایک اداکارہ ہیں، تو اس لحاظ سے ساتھی ہیں لیکن اس سے زیادہ کچھ نہیں۔