متنازع فلم پٹھان کے گانے ’بیشرم رنگ‘ نے ایک ہفتے میں 100ملین ویوز سمیٹ لیے
ممبئی،دسمبر۔بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم پٹھان کے گانے ’’بیشرم رنگ‘‘ نے ایک ہفتے میں 100 ملین سے زائد ویوز حاصل کرلیے۔میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یش راج فلمز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی فلم پٹھان کے آفیشل تھیم سانگ ’’بیشرم رنگ‘‘ نے ایک ہفتے میں 100 ملین سے زائد ویوز حاصل کرلیے جبکہ بالی ووڈ اسٹار کنگ خان کی فلم اگلے سال جنوری کے آخر میں ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی۔فلم میں دیپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، دونوں نے سال 2014 میں فرح خان کی مووی ہیپی نیو ایئر میں ایک ساتھ کام کیا تھا، اس جوڑی کو فینز کی جانب سے بیحد پسند کیا گیا تھا۔پٹھان فلم میں شاہ رخ خان ایک خفیہ جاسوس کے کردار میں نظر آئیں گے اور دیپیکا انکی ہیروئن ہوں گی جبکہ جان ابراہم مخالف کردار ادا کریں گے۔دوسری جانب پٹھان فلم ریلیز ہونے سے قبل ہی بھارت میں ہندو انتہاء پسند تنظیموں نے بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دی ہے جبکہ گانے ’بیشرم رنگ‘ میں زعفرانی رنگ کے کپڑے پہننے پر اداکارہ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ہندو انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ زعفرانی رنگ ہندو مذہب کی علامت ہے اور دیپیکا اس رنگ کو پہن کر گانے پر ڈانس کر رہی ہیں جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ اس قسم کے گانوں میں زعفران جیسے مقدس رنگ کا استعمال قبول نہیں کیا جائے گا۔