متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں کا عید الاضحیٰ پر 1500 قیدی رہا کرنے کا اعلانمتحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں کا عید الاضحیٰ پر 1500 قیدی رہا کرنے کا اعلان
ابوظبی،جولائی ۔ متحدہ عرب امارات کے صدر اور حاکم ابوظبی شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے عید الاضحیٰ سے قبل 737 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔ معاف کیے گئے قیدیوں کو مختلف جرائم پر قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق شیخ محمد بن زاید نے رہائی پانے والے قیدیوں کے مالی جرمانے ادا کرنے کا بھی وعدہ کیا۔اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور ریاست دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے عید الاضحیٰ کے موقع کی مناسبت سے دبئی بھر سے 505 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔دبئی کے اٹارنی جنرل، چانسلر عصام عیسیٰ الحمیدان نے اعلان کیا ہے کہ شیخ محمد نے عید کے موقع پر قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے تاکہ وہ ایک نئے سرے سے اپنی زندگی کا آغاز کریں اور اپنے گھر والوں کیساتھ پرسکون زندگی گزاریں۔اٹارنی جنرل نے مزید بتایا کہ شیخ محمد کے حکم کی پاسداری کرتے ہوئے جلد از جلد ان قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں۔دریں اثنا امارات کی ریاست راس الخیمہ کے حاکم شیخ سعود بن صقر آل قاسمی نے بھی عید کے موقع پر 251 قیدیوں کی رہائی کے احکامات جاری کئے۔متحدہ عرب امارات میں عید کا پہلا دن 9 جولائی کو ہوگا۔ عید کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں پانچ روز کی چھٹیاں دی گئی ہیں۔