مارک زکربرگ کی یہ تصاویر وائرل کیوں ہوئیں؟
ممبئی،اپریل۔جب بھی آپ فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام جیسی ایپس کے مالک مارک زکربرگ کے بارے میں سوچتے ہیں تو ذہن میں ایک سادہ ٹی شرٹ پہنے شخص کا خیال آتا ہے۔مگر گزشتہ دنوں چند ایسی تصاویر وائرل ہوئی ہیں جن میں میٹا کے چیف ایگزیکٹو کسی ماڈل کی طرح فیشن شو کے ریمپ پر واک کر رہے ہیں۔مگر ان وائرل تصاویر میں نظر آنے والی شخصیت مارک زکربرگ کی نہیں بلکہ یہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹولز کا کمال ہے۔ان ٹولز کے ذریعے لوگوں نے یہ دکھایا ہے کہ کسی فیشن شو میں مارک زکربرگ ماڈل کے طور پر کیسے نظر آتے۔تصاویر میں اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کرکے مارک زکربرگ کو بڑی فیشن کمپنیوں کے ملبوسات پہنے دکھایا گیا۔ان وائرل تصاویر کو کافی پسند کیا گیا اور مختلف افراد نے کہا کہ تصاویر نے انہیں ہنسنے پر مجبور کردیا۔یہ سب تصاویر کافی حد حقیقی نظر آتی ہیں اور سرسری نظر میں شناخت کرنا ممکن نہیں کہ یہ اے آئی ٹولز سے تیار کی گئی تصاویر ہیں۔اس سے قبل عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کی بھی اے آئی سے تیار کردہ تصاویر وائرل ہوئی تھیں جن میں انہیں فیشن جیکٹ پینے دکھایا گیا تھا۔