لزبن پرتگال میں اسماعیلی مرکز میں چاقو حملہ، دو خواتین ہلاک
لزبن ،مارچ۔پرتگال کے شہر لزبن میں اسماعیلی مرکز میں چاقو کے حملہ سے دو خواتین ہلاک ہو گئیں۔پرتگالی پولیس اور کمیونٹی کے ایک رہنما نے بتایا کہ منگل کو لزبن کے اسماعیلی مرکز میں چاقو کے حملے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔پولیس نے بتایا کہ حملہ صبح 11 بجے کے لگ بھگ پیش آیا۔ حملہ آور نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا اور ایک بڑے چاقو کے ساتھ افسران پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد اسے گولی مار دی گئی اور گرفتار کر کے ہسپتال لے جایا گیا۔پرتگال کے وزیر اعظم انتونیو کوسٹا نے صحافیوں کو بتایا کہ جرم کے بارے میں کوئی تشریح ابھی قبل از وقت ہے۔اسماعیلی کمیونٹی کے رہنما ناظم احمد کے حوالے سے پرتگالی ٹیلیویڑن پر بتایا گیا کہ دونوں متاثرہ خواتین پرتگالی شہری تھیں اور مرکز میں کام کرتی تھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حملہ آور افغان مہاجر تھا۔پولیس نے فوری طور پر قومیتوں کی تصدیق نہیں کی لیکن آبزرویڈر اخبار نے کہا کہ حملے میں متاثرہ شخص پرتگالی زبان سیکھنے اور خوراک کے عطیات جمع کرنے کے لیے اکثر سنٹر جاتے تھے۔ مقامی میڈیا پر بتایا گیا کہ خواتین مرکز کے پناہ گزینوں کی امداد کے پروگرام میں کام کرتی تھیں۔پرتگال میں اسماعیلی برادری براعظم یورپ کی بڑی کمیونٹی ہے، جن کی تعداد ہزاروں میں ہے۔اسماعیلی روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان نے 1998 میں لزبن میں یہ مرکز کھولا تھا جس میں نماز کے ہال، کلاس روم، میٹنگ رومز اور نمائش کے مقامات موجود ہیں۔2015 میں، انہوں نے پرتگالی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت لزبن میں اسماعیلیت کا عالمی ہیڈکوارٹر قائم کیا، اور 2018 میں لزبن میں ہینریک مینڈونکا محل کو اسماعیلی امامت کی نشست کے طور پر قائم کیا گیا۔