قتل کی دھمکیاں: سلمان خان کے گھر کی سیکیورٹی میں اضافہ
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو تہاڑ جیل میں قید جرائم پیشہ گروہ کے سرغنہ لارنس بشنوئی کی جانب سے قتل کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے اداکار کے گھر کی سیکیورٹی بڑھادی۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ہفتے کی شام سلمان خان کی ٹیم کے ایک رکن کو ای میل کے ذریعے اداکار کے قتل کی دھمکی ملنے کے بعد ممبئی پولیس نے سلمان خان کے گھر کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلمان خان کے قریبی ساتھی کی جانب سے گینگسٹر لارنس بشنوئی، گولڈی برار اور ایک اور شخص کے خلاف آئی پی سی سیکشن (2)506، (b) 120اور 34 کے تحت اداکار کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے الزام میں باندرہ پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ ای میل روہت گرگ نامی کسی صارف نے بھیجا تھا جس میں یہ اطلاع دی گئی کہ کینیڈین گینگسٹر گولڈی برار سلمان خان سے ذاتی طور پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ اس ای میل کا تعلق گینگسٹر بشنوئی کے حالیہ انٹرویو سے ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ سلمان کو قتل کرنا اس کی زندگی کا واحد مقصد ہے۔لارنس بشنوئی نے یہ بھی کہا تھا کہ سلمان خان اس کے مذہبی گرو جمبیشور کے مندر جا کر معافی مانگے اور اگر انہیں ہماری برادری معاف کر دے تو میں کچھ نہیں کہوں گا ورنہ سیکیورٹی کے ہٹتے ہی سلمان خان کو قتل کردوں گا۔