فلوریڈا: برطانوی معذور اور شدید بیمار بچوں کی ڈولفن کے ساتھ پیراکی
فلوریڈا،اکتوبر۔ فلوریڈا میں کم وبیش 200 معذوراور شدید بیمار بچوں نے ڈولفن کے ساتھ پیراکی کی، بچوں نے زندگی میں ایک مرتبہ مفت تعطیل کے حوالے سے ملنے والے موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس سہولت کا خوب لطف اٹھایا۔ انھوں نے اسے اپنی زندگی کا بہترین دن قرار دیا۔ کورونا وائرس کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب بچوں کو ایسے دورے پر لے جایا گیا جو تازندگی یاد رہے گا۔ اس کا اہتمام ڈریم فلائٹ نے کیا تھا، پورے برطانیہ سے بچوں کو اس میں شامل کیا گیا تھا۔ تفریح پر لے جانے والے بچوں کو مختلف معروف تفریحی مقامات، جن میں سی ورلڈ ڈزنی، ہالی ووڈ سٹوڈیوز شامل تھے، لے جایا گیا، بیشتر بچوں کیلئے فیملی کے بغیر بیرون ملک سفر کا یہ پہلا موقع تھا، اپنے اس تفریحی دورے کے دوران اتوار کو انھیں اورلانڈو میں واقع ڈسکوری کوو میں ڈولفن کے ساتھ پیراکی کا موقع ملا، اس موقع پر بچوں کو انتہائی احتیاط کے ساتھ ان کی وہیلر چیئرز سے پانی میں اتارا گیا، پانی میں موجود انسٹرکٹرز اور کیئررز نے ڈولفنز کے قریب جانے میں ان کی مدد کی، لائف جیکٹ اور ویٹ سوٹ میں ملبوس بچوں نے ڈولفنز پر سواری اور انھیں فضا میں چھلانگ لگاتے دیکھا، ایک 14سالہ لڑکی ایما Huey نے بتایا کہ یہ واقعی بہت شاندار موقع تھا، جب ہم نے ڈولفن کو دیکھا اور ان کے ساتھ پانی میں پیراکی کی اور انھیں اٹھکیلیاں کرتے دیکھا۔ یہ تعطیل یقیناً بہت شاندار اور غالباً میری زندگی کے بہترین دنوں میں ایک تھی۔ رولر کوسٹر پر جانا بہت خطرناک تھا لیکن میں اس پر بھی گئی اور میں نے نئے دوست بھی بنائے۔ اتوار کو اپنی برتھ ڈے منانے والے ایک 13سالہ بچے جونیئر براؤن نے کہا کہ میری برتھ ڈے شاندار رہی، ڈولفن کے ساتھ پیراکی بہت ہی غیرمعمولی بات تھی، پہلے ہم نے ان کے بارے میں معلومات حاصل کیں، پھر ان کو ہاتھ کے اشارے سے کرتب دکھانے کو کہا، اس کے بعد ہم نے ان کی دم پکڑ لی، ہمیں ان کے ساتھ پیراکی کا بھی موقع ملا۔ ہم نے اس کے بارے میں سوچا بھی نہیں تھا، یہ واقعی بہت شاندار تھا۔ یہ میری زندگی کا بہترین دن تھا، وہاں رولر کوسٹر بھی تھے، واٹرسلائیڈ بھی تھیں، ہم نے بلاشبہ بہت اچھا وقت گزارا، یہ میرا انتہائی دلچسپ تجربہ تھا، میں نے زندگی میں کبھی ایسا نہیں کیا۔ اس 10روزہ تفریحی دورے کیلئیملک بھر سے شدید بیماری سے صحت یاب ہونے والے 192بچوں کا انتخاب کیا گیا تھا۔ 1987 سے شروع کئے گئے اس ڈریم فلائٹ پر اب تک پورے ملک کے کم وبیش 6,000 بچے اس سے مستفید ہوچکے ہیں، یہ چیرٹی کی جانب سے کرایا گیا اپنی نوعیت کا 34 واں دورہ تھا، جس پرایک ملین پونڈ خرچ ہوئے۔