فلم ’جھنڈ‘ کی کہانی حقیقی زندگی پر مبنی ہے، ناگراج منجولے
ممبئی ،مارچ۔بولی وڈ اسٹار امیتابھ بچن کی فلم ’جھنڈ‘ گزشتہ روز ریلیز ہوگئی۔ مراٹھی فلم فلمساز ناگراج منجولے اس فلم کے ذریعہ ہندی سینما میں قدم رکھنے جارہے ہیں۔ فلم میں امیتابھ نے ناگپور میں رہنے والے ایک ریٹائرڈ اسپورٹس ٹیچر وجے بارسے کا کردار ادا کیا ہے۔ وجے بارسے نے کچی آبادی میں رہنے والے بچوں کو فٹ بال کھیلنے کی ترغیب دی۔ منجولے نے بتایا کہ فلم کی کہانی حقیقی زندگی پر مبنی ہے اور فلم کے مرکزی کردار کو امیتابھ بچن سے بہتر کوئی ادا نہیں کرسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ‘ میں نے اس کہانی کے لیے تحقیق کی، تب مجھے ناگپور کے وجے بارسے اور ان کے طالب علموں کے بارے میں معلومات ملیں، جن کے ساتھ وہ کچی آبادی میں فٹ بال کھیلتے تھے۔ میں نے پوری کہانی کو سمجھا اور اس کا اسکرین پلے لکھا اور اس کے بعد اسے میں نے مسٹر بچن کے ساتھ شیئر کیا۔ انہیں یہ بہت پسند آیا اور ایسے ہم نے مل کر یہ فلم تیار کی۔میگا اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں، منجولے نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس دنیا میں کوئی بھی ہدایت کار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا موقع چھوڑنا چاہے گا۔ مجھے وہ موقع ملا جو خواب سے پرے تھا۔ یہ میرے لیے انمول ہے۔44سالہ فلم ساز اکثر اپنے سنیما کے ذریعہ معاشرے کی برائیوں اور ناانصافیوں کو اپنے کیمرے کی مدد سے دکھاتے ہیں۔ 2013میں آئی فلم فینڈری، منجولے کی پہلی مراٹھی فلم ہے۔ اس فلم میں انہوں نے ایک گاؤں کے دلت خاندان کی زندگی کو دکھایا تھا۔ جنہیں خنزیروں کو پکڑنے کا کام کرنا پڑتا ہے کیونکہ اونچی ذات کے لوگ انہیں ناپاک مانتے ہیں۔ان کی 2016کی مراٹھی فلم ‘سیراٹ مختلف ذات سے تعلق رکھنے دو نوجوان لڑکے اور لڑکی کی محبت کی کہانی کو دکھاتی ہے۔