فرحان اختر کی شادی کے بعد شاندار پارٹی، بالی ووڈ شخصیات کی شرکت
ممبئی،فروری۔بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار و اداکار فرحان اختر اور بھارتی ٹیلیویڑن اداکارہ شیبانی ڈانڈیکر کی شادی کے بعد شاندار تقریب منعقد کی، جس میں بالی ووڈ نگری کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔اداکارہ کرینہ کپور خان نے اپنی انسٹااسٹوری پرساتھی اداکاراؤں کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر شیئر کی ہے۔اس تصویر میں اْن کے ہمراہ بہن، اداکارہ کرشمہ کپور، امریتا اروڑہ، اور ملائکہ اروڑہ کو دیکھا جاسکتا ہے۔ اْنہوں نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھاکہ ’سب ایک دوسرے سے لپٹی ہوئی ہیں‘۔کرینہ اور اْن کے پورے گرلز گینگ نے تقریب میں شرکت کرنے کے لیے کالے رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔اس تقریب میں مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے بھی شرکت کی اور اْنہوں نے عام جینز اور بلیک ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی۔جبکہ دیپیکا پڈوکون بھی کرینہ کپور اور ان کے گرلز گینگ کی طرح اس تقریب میں کالے رنگ کے لباس میں ہی نظر آئیں۔جیکولین فرنینڈس نارنجی رنگ کے لباس میں بہت خوبصورت نظر آرہی تھیں۔جبکہ دلہن شیبانی ڈانڈیکر نے اس تقریب کے لیے نیلے رنگ کے گاؤن کا انتخاب کیا اور فرحان اختر ہمیشہ کی طرح اپنے سادہ اور آرام دہ کپڑوں میں ہی نظر آئے۔ان کے علاوہ ستاروں سے سجی اس شام میں بیٹی سہانا خان اور بیٹے آریان خان کے ساتھ گوری خان، زویا اختر، ودیا بالن، رتیش دیش مکھ اور جینیلیا ڈی سوزا، سوہا علی خان اور کنال کیمو، ارجن رامپال، فرح خان، ہرش وردھن اور دیگر نے بھی شرکت کی تھی۔واضح رہے کہ شیبانی ڈانڈیکر اور فرحان اختر نے سال 2018 میں ڈیٹنگ شروع کی تھی اور ہفتے کے روز کھنڈالہ میں ایک سادہ تقریب میں ان کی شادی ہوئی۔خیال رہے کہ فرحان اختر نے ہیئر اسٹائلسٹ ادھونا سے سال 2000 میں پہلی شادی کی تھی تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پر جوڑے نے شادی کے 17 سالہ ازدواجی تعلق کو 2017 میں ختم کردیا تھا۔فرحان اختر اور ادھونا کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔