فرانسیسی صدر کی ہدایت پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی مداحوں سے ملاقات
پیرس،دسمبر۔فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن کے صدر نول لی گریٹ نے منگل کے روز انکشاف کیا ہے کہ ارجنٹائن کے خلاف قطر 2022 ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کے بعد صدر عمانوئل میکروں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مداحوں سے ملنے کو کہا تھا جس کے بعد انہوں نے شائقین سے ملاقات کی۔خبروں کے مطابق لی گریٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اتوار کو ایک ڈرامائی فائنل میں پینلٹیز پر 2-4 سے ہارنے کے بعد کھلاڑی ابتدائی طور پر پیر کو براہ راست اپنے گھروں کو لوٹنا چاہتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ مایوسی، غم اور ان مشکل احساسات کے بوجھ تلے میں نے اس آپشن کو سمجھا اور اس کا احترام کیا، لیکن صبح دس بجے کے قریب صدر کے ساتھ بات چیت کے بعد صورتحال بدل گئی۔ صدر چاہتے تھے کہ ٹیم کے کھلاڑی اپنے مداحوں میں گھل مل جائیں۔ میں نے ان کی تجویز قبول کی۔ایک دن کے متضاد بیانات کے بعد بالآخر کھلاڑی پیر کی شام تاریخی لا کانکورڈ چوک میں پرتعیش ہوٹل کریلون کی بالکونی میں چند منٹ کے لیے نمودار ہوئے۔تقریباً 50,000 لوگوں نے عوامی چوک پران کا استقبال کیا۔ لوگ فرانسیسی ٹیم کی فٹ بال میں بہترین کارکردگی دکھانے اور بھرپور کھیل پیش کرنے پر خوشی مناتے اور قومی ترانہ گاتے رہے۔ بہت سے لوگ اندھیرے اور سردی میں چار گھنٹے سے زیادہ انتظار کر رہے تھے۔تہوار کے ماحول کے باوجود کچھ لوگوں نے شکایت کی کہ کھلاڑی پولیس کی گاڑیوں کے پیچھے بالکونی سے بمشکل دکھائی دے رہے تھے۔