عراق میں سعودی عرب سے بجلی کے حصول کے لیے رابطہ اسٹیشنوں کا قیام
بغداد،جون ۔ عراق کی وزارتِ بجلی نے سعودی عرب سے بجلی کے حصول کے لیے باہمی رابطے کے اسٹیشنوں کا قیام اور ترسیلی (ٹرانسمیشن) راستوں کا تعیّن کرنا شروع کردیا ہے۔عراق کے سرکاری خبررساں ادارے آئی این اے نے بدھ کے روز سعودی عرب سے بجلی کی ترسیل سے متعلق اس نئی پیش رفت کی اطلاع دی ہے۔عراق کواس وقت بجلی کی قلّت کاسامنا ہے۔موسم گرما میں بجلی کی کم یابی بحران کی شکل اختیارکرلیتی ہے اور ملک کے بڑے شہروں میں گھنٹوں بجلی بند رہتی ہے۔عراق نے اپنی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ترکی، اردن اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ معاہدے طے کر رکھے ہیں۔وہ ایران سے بھی بجلی درآمد کرتارہاہے لیکن گذشتہ چند برسوں کے دوران میں اس کو ایران پر امریکا کی پابندیوں کے نتیجے میں برقی رو کی ترسیل کے سمجھوتے پرنظرثانی کرنا پڑی ہے۔