عراق:سڑک حادثے میں گیارہ ایرانی زائرین اوران کا ڈرائیورہلاک
بغداد،ستمبر۔عراق کے وسطی علاقے میں اتوارکے روز گیارہ ایرانی زائرین اور ان کا مقامی ڈرائیور ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔عراقی حکام کے مطابق ان ایرانی زائرین کی منی بس کا ایک ٹرک سے تصادم ہوا ہے۔وسطی صوبہ بابل میں محکمہ صحت کے ترجمان احمد الجبوری نے بتایا کہ زائرین کو لے جانے والی گاڑی بغداد کے جنوب میں واقع صوبہ میں سڑک پر کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔انھوں نے حادثے میں گیارہ ایرانی زائرین اور ان کے عراقی ڈرائیور کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ چاردیگر زائرین کی حالت تشویش ناک ہے۔انھوں نے بتایا کہ منی بس کے ٹرک سے ٹکرانے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی اور ٹرک کے ڈرائیور کو پوچھ تاچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ عراق میں بدعنوانیوں اور قریباً دو عشرے کے دوران میں جنگ کی وجہ سے بنیادی ڈھانچا بالخصوص سڑکیں تباہ حال ہیں اور ان پر آئے دن خوف ناک حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔جولائی میں وزارت صحت نے کہا تھا کہ عراق میں گذشتہ سال ٹریفک حادثات میں 4800 افراد ہلاک ہوئے تھے۔اس طرح ایک دن میں اوسطاً 13 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے۔