عامر خان کا فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی ریلیز کے بعد انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ
ممبئی ،مارچ۔بھارتی فلم انڈسٹری کے ’’مسٹر پرفیکشنسٹ‘‘ عامر خان نے دو سال قبل بولی وڈ چھوڑنے کا فیصلہ کیوں کیا؟ اداکار نے اس کی وضاحت کر دی۔میڈیا کے مطابق عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی ریلیز سے پہلے ہی فلم انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا تاہم میرے فیصلہ پر کرن راؤ (سابق اہلیہ) آبدیدہ ہوگئی تھیں۔عامر خان نے بتایا کہ میں نے دو سال قبل کورونا وائرس کی وبا کے دوران بولی وڈ چھوڑنے پر غور کیا تھا لیکن اس کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا کیوں کہ میرا خیال تھا کہ لوگ اسے ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی تشہیر سمجھ سکتے تھے۔ممبئی میں ایک تقریب میں عامر خان نے کہا کہ میں نے خیرباد کہہ دیا لیکن اس بارے میں کوئی نہیں جانتا، میں نے اپنے گھر والوں کو بتا دیا تھا کہ میں اب سے کوئی فلم نہیں کروں گا اور نہ ہی کوئی فلم پروڈیوس کروں گا۔انہوں نے کہ میرے گھر والے حیران رہ گئے جب میں نے ان سے یہ بات کہی لیکن کسی نے مجھ سے بحث نہیں کی، تب میں نے سوچا کہ میں لوگوں کو بتا دوں کہ میں اب فلموں میں کام نہیں کروں گا، پھر میں نے کہا اگر میں لوگوں کو بتاؤں تو وہ کہیں گے یہ میری مارکیٹنگ اسکیم ہے کیوں کہ میری فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ ریلیز ہونے والی ہے۔عامر خان نے مزید کہا کہ ویسے بھی میری فلم تین چار سال بعد آتی ہے، لال سنگھ چڈھا کی ریلیز کے بعد کسی کو احساس نہیں ہوگا کہ میں اگلے تین یا چار سال تک کچھ کر رہا ہوں بھی یا نہیں، تب تک میں انڈسٹری چھوڑ دوں گا اور کسی کو پتہ نہیں چلے گا، چنانچہ میں نے کچھ نہ کہنے کا فیصلہ کیا اور تین ماہ اسی طرح گزر گئے۔انہوں نے کہا کہ کرن نے روتے ہوئے کہاجب میں آپ کو دیکھتی ہوں تو مجھے آپ کے اندر فلمیں نظر آتی ہیں، آپ کیا کہہ رہے ہیں، میں سمجھ نہیں پا رہی۔عامر خان نے کہا کہ ان دو سال میں بہت کچھ ہوا، میں نے انڈسٹری چھوڑ دی اور واپس بھی آگیا، میں نے انڈسٹری چھوڑنے کے بعد اپنی بیٹی کے ساتھ کام کرنا شروع کر دیا تھا۔