عالیہ بھٹ نے کیٹ ونسلیٹ کی کونسی ویڈیو دیکھنے کا مشورہ دے دیا؟
ممبئی،جنوری۔بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے برطانوی اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی اور مداحوں کو بھی اسے دیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔عالیہ بھٹ نے اپنی انسٹااسٹوری پر کیٹ ونسلیٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں اْنہیں باڈی شیمنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔کیٹ ونسلیٹ نے ویڈیو میں کہا کہ’اگر میں ماضی میں جاسکتی تو میں اپنی آواز کو مختلف انداز میں استعمال کرتی، میں ان صحافیوں کو ٹوکتی جنہوں نے میری جسامت کے بارے میں بات کرنے کی ہمت کی۔ کیٹ ونسلیٹ نے کہا کہ’ہمارے ہاں اب بھی ریڈ کارپٹ پر چلنے والی ایسی بہت سی اداکارائیں موجود ہیں جوکہ بہت خوبصورت اور حیرت انگیز نظر آرہی ہوں گی لیکن لوگ پھر بھی ان پر کسی نہ کسی انداز میں تنقید کر رہے ہوتے ہیں۔اْنہوں نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ باتیں نوجوان خواتین کے ذہنوں میں براہ راست اثر انداز ہوتی ہیں اور ان کے ذہنوں میں خوبصورتی سے متعلق ایسیخیالات کی خواہش کو جنم دیتی ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔واضح رہے کہ ماں بننے کے بعد بالی ووڈ انڈسٹری کی بہت سی اداکاراؤں کو سوشل میڈیا پر ’باڈی شیمنگ‘ کا سامنا کرنا پڑا، جن میں انوشکا شرما، سونم کپور آہوجا، ایشوریہ رائے بچن، کرینہ کپور خان اور عالیہ بھٹ کے نام شامل ہیں۔