عالیہ بھٹ نے بھی فراز منان کا جوڑا پہن لیا
ممبئی،دسمبر۔بھارتی معروف اداکارہ کرینہ کپور، دپیکا پڈوکون کے بعد اب عالیہ بھٹ نے بھی اپنی دوست کی شادی میں شرکت کے لیے پاکستانی فیشن ڈیزائنر فراز منان کے جوڑے کا انتخاب کیا ہے۔بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ کی سوشل میڈیا پر نئی فوٹوز اور ڈانس ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جس میں وہ پاکستانی ڈیزائنر فراز منان کا جوڑا پہنے خوب جچ رہی ہیں۔عالیہ بھٹ کی یہ تصویریں ڈیزائنر فراز منان کی جانب سے بھی اپنے تصدیق شدہ انسٹا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ہیں۔عالیہ بھٹ کی جانب سے پہنا گیا یہ خوبصورت جوڑا ہلکے رنگ کا ہے جس کے لانگ کوٹ پر کافی نازک اور خوبصورت کڑھائی نظر آ رہی ہے۔واضح رہے کہ عالیہ بھٹ سے قبل اداکارہ کرینہ کپور عرف بیبو اور بھارتی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون بھی فراز منان کے ڈریسز میں فوٹو شوٹ کرواچکی ہیں۔