عالیہ اور رنبیر ایک فلم کا کتنا معاوضہ وصول کرتے ہیں؟ جان کر حیران رہ جائیں گے
ممبئی،اپریل۔آئندہ چنددنوں میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی بالی وڈ جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی زندگی کے کچھ دلچسپ پہلو زبان زدِ عام ہیں۔جہاں ان دونوں کو لے کر دیگر موضوعات پر گفتگو جاری ہے وہاں ان کی فلموں کے معاوضے کو کیسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے؟اداکارہ عالیہ بھٹ بالی وڈ کے کامیاب ہدایتکار مہیش بھٹ کی صاحبزادی ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ اس وقت بالی وڈ کی صفِ اول کی اداکارہ ہیں جس کا ثبوت انہوں نے اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم گنگو بائی کاٹھیاواڑی میں اداکاری سے دیا۔اس کے برعکس کپور خاندان بھی بالی وڈ میں پھیلا ہوا ہے، گو کہ رنبیر کپور نے کم فلموں میں کام کیا لیکن ان کی یہ ہی کوشش رہی کہ فلموں کے انتخاب میں معیار کو ترجیح دی جائے۔
دونوں ایک فلم کا کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ عالیہ بھٹ ایک فلم میں کام کرنے کے لیے تقریباََ 15 کروڑ روپے معاوضہ وصول کرتی ہیں اور رنبیر کپور کو مبینہ طور پر اپنی آنے والی فلم ’اینیمل‘ کے لیے 60 سے 70 کروڑ روپے ملیں گے۔رپورٹ کے مطابق عالیہ مذکورہ رقم اپنی فلم ’ڈارلنگز‘ کے لیے بھی وصول کریں گی لیکن اْنہوں نے سنجے لیلا بھنسالی کے کرائم ڈرامے اور کرن جوہر کی ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کے لیے اپنامعاوضہ تھوڑا کم کردیا ہے۔خیال رہے کہ میڈیا پر خبریں سرگرم ہیں کہ دونوں اداکار اپریل کی 17 تاریخ کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، دونوں کی شادی کی تقریبات 13 سے 17 اپریل کے درمیان منعقد ہوں گی۔