عالمی سطح پر قائم ہورہی ہے ہندوستان کی طاقت:صدر جمہوریہ
کانپور دیہات(پرونکھ)جون۔صدرجمہوریہ رام ناتھ کوند نے جمعہ کو اترپردیش میں واقع اپنے آبائی گاؤں پرونکھ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایسا وزیر اعظم ملا ہے جس کی قیادت میں ہندوستان کی طاقت عالمی سطح پر قائم ہورہی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کے پرونکھ پہنچنے پر صدرجمہوریہ کوند ملک کے سب سے اعلی آئینی عہدے کے پروٹوکول کے برعکس میزبان کے کردار میں نظر آئے۔ مودی کی آمد پر صدرجمہوریہ ان کا استقبال کرنے کے لئے بطور میزبان ہیلی پیڈ پر پہنچ گئے۔صدرجمہوریہ نے کہا کہ پرونکھ جیسے گاؤں کے لوگوں سے ملنے آنا وزیر اعظم کی سخاوت اور مہربانی کا مظہر ہے۔ یہ گاؤں کی مٹی کی طاقت ہے جس نے وزیر اعظم کو یہاں بلالیا۔وزیر اعظم کے ساتھ گاؤں کا دورہ کرنے کے بعد منعقد اسپیشل عوامی اجلاس میں صدر جمہوریہ نے یہاں آنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کے تئیں شکریہ کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ان کے قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جیسے سپوت پر تمام ملکی باشندوں کو فخر ہے۔ آج ان کی قیادت میں عالمی پیمانے پر ہندوستان کی طاقت کا احساس ہوا ہے۔ مودی ایسے وزیر اعظم ہیں جو ملک کے ہر شخص کے زندگی کو خوشحال بنانے کے لئے ہمیشہ کوششیں کرتے رہتے ہیں۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ آئین ساز بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر نے جس ہمہ جہت ،مساوی و یکسانیت والے ملک ۔ سماج کا تصور کیا تھا نریندر مودی اسے شرمندتعبیر کررہے ہیں۔بابا صاحب کے سپنوں کو پورا کرنے کی سمت میں وزیر اعظم کے ذریعہ کئے جارہے کام عدیم المثال ہیں۔انہوں نے صدرجمہوریہ کے عہدے پر اپنے انتخاب کا سہرا وزیر اعظم مودی کو دیا۔ انہوں نے جذباتی ہوتے کہا کہ اترپردیش کے ایک چھوٹے سے گاؤں کے مجھ جیسے عام آدمی کو ملک کے سب سے اعلی آئینی عہدے کی ذمہ داری دینے کی پہل مودی نے ہی کی تھی۔ اس سے پہلے کہاجاتا تھا کہ ملک کو نو وزیر اعظم دینے والے اترپردیش سے ایک بھی صدرجمہوریہ نہیں بنا۔صدرجمہوریہ نے ایک یاداشت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا 50۔55سال پہلے پرونکھ میں سیاست داں کے طور پر ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کی آمد ہوئی تھی۔ تب خود انہوں نے اور ان جیسے متعدد دیہی باشندوں نے پہلی بار جیپ دیکھی تھی۔ آج وزیر اعظم کے پرونکھ میں آمد سے یہاں کے لوگ نایاب تاریخی واقعہ کے گواہ بنے ہیں۔