صدر پیوٹن ’مکر و فریب کا کھیل‘ کھیل رہے ہیں، جرمنی

برلن،اگست۔جرمنی کاکہنا ہے کہ روس کے صدر پیوٹن ’مکر و فریب کا کھیل‘ کھیل رہے ہیں، روسی گیس کی سپلائی میں مزید کمی کے اعلان کے بعد جرمن وزیر اقتصادیات نے صورتحال کو ’انتہائی سنگین‘ قرار دے دیا ہے جبکہ یوکرینی صدر کے مطابق روس نے ’گیس کی جنگ‘ کا آغاز کر دیا ہے۔جرمن وزیر اقتصادیات رابرٹ ہابیک کے مطابق روسی توانائی کمپنی گیس پروم اپنی صوابدید پر‘‘ یہ فیصلہ کر سکتی ہے کہ آیا قدرتی گیس کی فراہمی کو مکمل طور پر روکنا ہے۔ گزشتہ روز گیس پروم نے نارڈ اسٹریم ون پائپ لائن سے گیس کی موجودہ سپلائی کو مزید نصف کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس طرح اب جرمنی کو معمول کے مقابلے میں روس سے اب محض 20فیصد گیس مل رہی ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب یورپ گیس میں کمی کے خوف سے موسم سرما کے لیے گیس ذخیرہ کر رہا ہے۔ نارڈ اسٹریم ون گیس پائپ لائن کے لیے سیمنز ٹربائن کی کینیڈا میں مرمت کی جا رہی ہے۔

Related Articles