شیخ عبداللہ بن زاید نے امریکی ہم منصب انٹونی بلینکن اور سینیٹ کے متعدد ارکان سے ملاقات کی
دبئی، فروری ۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے امریکی ہم منصب انٹونی بلینکن اور سینیٹ کے متعدد ارکان سے واشنگٹن ڈی سی کے دورے کے موقع پرملاقاتیں کی ہیں اوران سے باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور دوطرفہ شراکت داری کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔امارات نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق بلینکن کے ساتھ ملاقات میں شیخ عبداللہ نے سلامتی ،موسمیاتی تبدیلی، تجارتی تبادلے اور سرمایہ کاری میں تعاون کومضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈپرائس کا کہنا ہے کہ اسرائیل اورفلسطین کے درمیان تنازع میں حالیہ مہینوں میں شدت پر بھی دونوں وزراء خارجہ نے تبادلہ خیال کیا اورانھوں نے تشدد میں مزیداضافے کو روکنے اور امن بحال کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات پربات چیت کی ہے۔ انھوں نے زلزلے سے متاثرہ ترکیہ اور شام میں امدادی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔انھوں نے صاف توانائی کے حصول کے لیے متحدہ عرب امارات اورامریکا کے درمیان شراکت داری (پی اے سی ای) اور یواے ای میں آیندہ کوپ 28 موسمیاتی کانفرنس کے انعقاد سے متعلق امور پرغور کیا ہے۔وام نے شیخ عبداللہ کے حوالے سے کہا:’’ہم موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے اور مستقبل میں کاربن نیوٹرل دنیا میں منتقلی کو آسان بنانے کے لیے امریکااور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کرفوری اقدامات کو ناگزیر سمجھتے ہیں۔امریکی وزیرخارجہ نے یوکرین کے عوام کے لیے فراخدلانہ انسانی امداد مہیا کرنے یواے ای کی تعریف کی۔شیخ عبداللہ نے امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین باب میننڈیز، کمیٹی کے وائس چیئرمین جم رس اور نیشنل ری پبلکن مرکزی کمیٹی کے سابق چیئرمین سینیٹرٹوڈ ینگ سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔اطلاعات کے مطابق ان ملاقاتوں میں دونوں اتحادی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔متحدہ عرب امارات مشرق اوسط میں امریکی برآمدات کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ گذشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تبادلے کا حجم 27.8 ارب ڈالررہا تھا۔ امریکا کو متحدہ عرب امارات کی برآمدات کا حجم 6.9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا اور یہ گذشتہ سال کے دوران میں ملکی برآمدات کے حجم کے مقابلے میں 16 فی صد زیادہ ہے۔شیخ عبداللہ کے ہمراہ بین الاقوامی تعاون کی وزیر مملکت ریم بنت الہاشمی ،اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل مندوب اور نائب وزیرخارجہ لانا نسیبہ اور واشنگٹن میں اماراتی سفیر یوسف العتیبہ بھی ان ملاقاتوں میں موجود تھے۔