شہزادہ اینڈریو نے ہیری اور میگھن کے گھر پر قبضہ کرلیا
لندن،مارچ۔برطانوی پریس رپورٹس کے مطابق بدھ کو شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کو برطانوی شاہی خاندان کے ونڈسر ہاؤس میں واقع ان کے گھر سے بے دخل کر دیا گیا ہے جس سے وہ برطانیہ میں کسی بھی رہائش سے محروم ہیں۔فرگمور کاٹیج کی جوڑے نے 2.4 ملین پاؤنڈ ( 2.9 ملین ڈالرز) میں تزئین و آرائش کی تھی۔ یہ کاٹیج 2018 میں ملکہ الزبتھ II کی طرف سے شادی کا تحفہ تھا۔ اخبار دی سن اور ڈیلی ٹیلی گراف نے اطلاع دی ہے کہ یہ گھر بادشاہ چارلس سوم کے بھائی شہزادہ اینڈریو کو دیا گیا تھا۔ ہیری اور میگھن، جنہیں ڈیوک اور ڈچس آف سسیکس بھی کہا جاتا ہے، کو گزشتہ جنوری میں شہزادے ہیری کی یادداشتوں ’’سپیئر‘‘ کی کی اشاعت کے چند دن بعد گھر خالی کرنے کا کہا گیا تھا۔چارلس نے اکثر شاہی خاندان سے وابستہ اخراجات کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ چارلس فی الحال خاندانی مالیات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اینڈریو کے لیے سالانہ 2 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ کی گرانٹ کی منسوخی سے اینڈریو کو 30 کمروں پر مشتمل رائل لاج ونڈسر ہاؤس میں اپنی موجودہ رہائش گاہ چھوڑنا پڑ سکتی ہے۔ اس گھر کی دیکھ بھال کے بہت زیادہ اخراجات ہیں۔ ہیری اور میگھن 2020 میں شاہی خاندان میں اپنی وابستگی ختم کرنے کے بعد کیلیفورنیا چلے گئے تھے۔ اس کے بعد سے جوڑے نے اوپرا ونفری کے ساتھ انٹرویو سے لے کر نیٹ فلیکس پر ایک دستاویزی فلم تک کئی منصوبوں میں حصہ لیا جس میں انہوں نے شاہی خاندان کی طرف سے برتی گئی بدسلوکی کی شکایت کی تھی۔ہیری کی سوانح عمری ’’سپیئر ‘‘ نے گزشتہ جنوری میں اپنی اشاعت کے بعد فروخت کے ریکارڈ توڑ دیے تاہم اس کتاب کے بعد ہیری کی مقبو لیت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ اینڈریو کو آنجہانی مالیاتی ماہر جیفری ایپسٹین سے دوستی کی وجہ سے عوامی زندگی چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا جو جنسی زیادتی کے مقدمات میں سزا یافتہ تھے۔