شنگریلاڈائیلاگ :سعودی عرب اورچین کے دفاعی حکام کا دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال
سنگاپور،جون۔سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع برائے ایگزیکٹو امور خالد بن حسین البیاری نے شنگریلا ڈائیلاگ کے موقع پر چین کے وزیر دفاع وی فینگھے سے ملاقات کی ہے۔انھوں نے دفاعی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا ہے۔البیاری جمعہ کو سنگاپور میں شروع ہونے والے شنگریلا ڈائیلاگ میں سعودی وزارت دفاع کے وفد کی قیادت کررہے ہیں۔آج اتوار کو اختتام پذیر ہونے والے شنگریلا ڈائیلاگ میں دنیا بھر سے اعلیٰ سطح کے دفاعی حکام، سفارت کار اور اسلحہ سازاداروں اور فرموں کے نمایندے شریک ہیں۔کووِڈ-19 کی وجہ سے گذشتہ دوسال کے دوران میں دو باراس مکالمے کو ملتوی کردیا گیا تھا اور 2019 کے بعد سنگاپور میں یہ پہلا شنگریلا ڈائیلاگ منعقد ہوا ہے۔بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق مارچ میں سعودی عرب نے چین کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعلقات کومزید مستحکم کرنے سے اتفاق کیا تھا۔سعودی عرب کی تیل کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو نے چین میں اربوں ڈالرمالیت کے تیل صاف کرنے اورکیمیکلز منصوبے کی تعمیرپراتفاق کیا تھا۔ یہ منصوبہ ایشیائی ملک کی مستقبل میں تیل کی مانگ کو پورا کرے گا۔