شمالی کوریا میں ہالی ووڈ فلمیں دیکھنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

پیونگ یانگ،فروری۔شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اْن نے ملک میں ہالی ووڈ فلمیں اور ویب سیریز دیکھنے والوں کو سخت سزائیں دینے کا اعلان کر دیا۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا میں ہالی ووڈ فلمیں اور ویب سیریز دیکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے، والدین کو وارننگ دی گئی ہے کہ اگر وہ اپنے بچوں کو غیر ملکی مواد دیکھنے کی اجازت دیں گے تو اْنہیں سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس اعلان سے قبل تو والدین سخت سزاؤں سے بچ سکتے تھے لیکن اب غیر ملکی فلمیں دیکھتے ہوئے کوئی بھی پکڑا جائے گا تو اس پر کوئی رحم نہیں کیا جائے گا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جو والدین جنوبی کوریا یا ہالی ووڈ کی فلم دیکھتے ہوئے پکڑے جائیں گے، اْنہیں 6 ماہ لیبر کیمپ میں گزارنے پڑیں گے جبکہ بچوں کو سزا کے طور پر 5 سال تک سماجی خدمات سر انجام دینی پڑیں گی۔پیانگ یانگ کے حکّام نے والدین سے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ریاست کے سوشلسٹ نظریات کے مطابق تعلیم دیں کیونکہ اگر ایسا نہیں ہو گا تو بچے کیپٹلسٹ نظریات کو اپنانا شروع کر دیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں 2 نوجوانوں کو شمالی کوریا کی حکومت نے جنوبی کوریا کی فلمیں شیئر کرنے کے جرم میں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

Related Articles