شعلے اور دیوار میں کام سے انکار کرنے کا آج تک افسوس ہے، شتروگھن سنہا
ممبئی،فروری۔بالی ووڈ کے معروف اداکار اور ماضی کی کئی فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے شتروگھن سنہا نے کہا کہ انہیں 1975 کی ہٹ فلموں دیوار اور شعلے میں کام سے انکار کا افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلمیں تو میرے لیے لکھی گئی تھیں۔ وہ ریاست مغربی بنگال کے صدر مقامی کولکتہ میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ ان چیزوں کے بارے میں بتائیے جو وہ کرنا چاہتے تھے لیکن کر نہ سکے۔اس پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے آج تک اپنی اس غلطی پر افسوس ہے دراصل ان دونوں میں کام کے لیے پہلے مجھے پیشکش ہوئی، میرے انکار کے بعد امیتابھ بچن کو کاسٹ کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے اور فلم سازوں کے درمیان کچھ فکر و نظر اور کچھ شوٹنگ کی تاریخ کا اختلاف تھا جس پر میں نے ان دونوں میں کام سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دو اداکاروں کے درمیان انا کا مسئلہ بالکل ہوتا ہے، ہم انسان ہیں اور ہر ایک کی اپنی ساکھ اور پرستار ہوتے ہیں تاہم میری فلم انڈسٹری میں کسی سے بھی دشمنی نہیں بلکہ سب سے دوستی تھی۔ یاد رہے کہ عہد حاضر کی معروف بالی ووڈ ہیروئن سوناکشی سنہا، شتروگھن سنہا کی بیٹی ہیں۔