شاہ عبداللہ کا اسرائیلی وزیرخارجہ سے مقبوضہ القدس میں کشیدگی کے خاتمے پرتبادلہ خیال
عمان،مارچ۔اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے جمعرات کوعمان میں اسرائیلی وزیر خارجہ یائرلاپیڈ نے ملاقات کی ہے۔انھوں نے مقبوضہ بیت المقدس(یروشلم) میں کشیدگی کے خاتمے اور صورت حال کو پْرامن بنانے کے طریقوں پربات چیت کی ہے۔مقبوضہ القدس میں فلسطینی اکثر قابض اسرائیلی فوج کی چیرہ دستیوں کے خلاف مظاہرے کرتے رہتے ہیں اور ان کی اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ساتھ آئے دن جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔اسرائیلی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’’ یائرلاپیڈ نے اردن کا یہ دورہ رمضان المبارک سے قبل اور یروشلم میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی اطلاعات کے تناظرمیں کیا ہے‘‘۔گذشتہ سال رمضان المبارک میں مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیلی پولیس کے تصادم کے نتیجے میں غزہ میں مئی میں جنگ چھڑگئی تھی۔ اپریل میں ماہ رمضان یہودیت کے عیدالفصح تیوہاراور عیسائیوں کے ایسٹر کے موقع پرآرہا ہے۔ یروشلم تینوں مذاہب کے لیے مقدس شہر گردانا جاتاہے اوراردن یروشلم کے قدیم حصے میں واقع مسلمانوں کے قبلہ اوّل مسجد الاقصیٰ کا محافظ ہے۔وزارت خارجہ نے لاپیڈ کے حوالے سے کہا کہ وہ اورشاہ عبداللہ اس بات پر متفق ہیں کہ ہمیں کشیدگی کے خاتمے اور افہام وتفہیم کو فروغ دینے کے لیے مل جل کرکام کرنا چاہیے۔