شاہ رخ خان کے اشتراک سے بھارتی خواتین محققین کیلئے اسکالر شپ پروگرام کا اعلان

ممبئی،ستمبر۔بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی شاندار اداکاری کے علاوہ فلاح وبہبود کے کاموں کے لیے بھی جانے جاتے ہیں اور اس بار اداکار کی جانب سے مستحق طالبات کے لیے ایک اسکالر شپ پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن (IFFM) اور لا ٹروب یونیورسٹی کے اشتراک سے شاہ رخ خان کے نام پر خواتین محققین کو پی ایچ ڈی اسکالر شپ دی جائے گی۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس اسکالر شپ پروگرام کے لیے رجسٹریشن 18 اگست کو شروع ہوئی اور 23 ستمبر تک جاری رہے گی۔فیسٹیول کے ڈائریکٹر میتو بھومک لانگے کا کہنا ہے کہ ہم سب ہی جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان کا دل بہت بڑا ہے اور اْنہوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے۔انہوں نے اسکالرشپ پروگرام کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئیکہا کہ اسکالر شپ بھارت کی ایک خاتون محقق کے لیے زندگی بدل دینے کا ایک موقع ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ بھارت ٹیلنٹ سے بھرا ہوا ہے بس ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو اْبھرنے کا ایک موقع دیا جائے۔اْنہوں نے مزید کہا کہ IFFM کے ساتھ شاہ رخ خان کی وابستگی طویل عرصہ پرانی ہے لیکن اب چونکہ اس اشتراک میں ایک فلاحی کام شامل ہے جوکہ اسے اور بھی خاص بناتا ہے۔میتو بھومک لانگے کا کہنا تھا کہ لا ٹروب یونیورسٹی آسٹریلیا کی صفِ اوّل کی یونیورسٹیز میں سے ایک ہے اور اس یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع بہت سے طلباء کی خواہش کی فہرست میں شامل ہے۔یاد رہے کہ پہلی بار اس پروگرام کے تحت اسکالرشپ کا اعلان 2019ء کے فیسٹول میں کیا گیا تھا جس میں شاہ رخ خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی تھی۔

Related Articles