شاہ رخ خان نے والدہ کو بستر مرگ پر تکلیف کیوں پہنچائی؟
ممبئی،ستمبر۔ بالی ووڈ انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ اور اپنی اداکاری سے مداحوں کو لطف اندوز کرنے والے اداکار شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بستر مرگ پر اپنی والدہ کو تکلیف پنچائی تھی۔شاہ رخ خان کے والدین اپنے بیٹے کی کامیابی دیکھنے سے پہلے ہی اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔حال ہی میں انہوں نے انوپم کھیر کو دیئے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ کس طرح وہ والدہ کو بستر مرگ پر جذباتی طور پر یہ کہہ کر دْکھی کرتے رہے کہ وہ اپنی بہن کا خیال نہیں رکھیں گے، پڑھائی نہیں کریں گے، کام نہیں کریں گے اور دوسری بچکانہ باتیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا تھا کہ اگر والدہ ان سے مطمئن نہیں ہوں گی تو وہ چھوڑ کر نہیں جائیں گی، بس کسی طرح انہیں جانے سے روک سکوں لیکن بعد میں احساس ہوا کہ جس کا وقت آگیا اسے تو جانا ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شاید وہ مجھ سے مطمئن تھیں کہ میں اپنی تمام ذمہ داریاں اْٹھاؤں گا، اپنی بہن کا خیال رکھوں گا صرف خدا سب سے بہتر جانتا ہے، ماں بہتر جانتی ہے۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے والد میر تاج محمد خان 1981 میں گلے کے کینسر سے انتقال کرگئے تھے جبکہ ان کی والدہ لطف فاطمہ 1991 میں ذیابطیس میں مبتلا ہونے کے ایک ماہ بعد انتقال کرگئی تھیں۔