سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کے باوجود سیلینا گومز نے انسٹاگرام کا اہم اعزاز اپنے نام کر لیا

لاس اینجلس،مارچ۔امریکی گلوکارہ و اداکارہ سیلینا گومز نے انسٹاگرام کی دنیا کا ایک اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔ حال ہی میں سوشل میڈیا سے دوبارہ کنارہ کشی اختیا کرنے والی سیلینا گومز انسٹاگرام پر40 کروڑ فالوورز حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون بن گئیں۔گزشتہ دنوں سیلینا گومز نے امریکی سوشل میڈیا اسٹار، بزنس ویمن اور ماڈل کائیلی جینر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون کا اعزاز اپنے نام کیا تھا تاہم اب انہوں نے 400 ملین( 40 کروڑ) فالورز کا سنگ میل بھی عبور کرلیا ہے۔ سیلینا گومز کی انسٹاگرام فالورز کی تعداد 40 کروڑ 10لاکھ ہے جبکہ اس فہرست میں دوسرا نام کائیلی جینر کا ہے جنہیں 38 کروڑ 20 لاکھ افراد انسٹاگرام پر فالو کرتے ہیں۔گزشتہ ماہ سیلینا گومز نے کہا تھا کہ میں سوشل میڈیا سے اس لیے ایک بار پھر وقفہ لے رہی ہوں کیوں کہ یہ بہت بچگانہ چیز ہے اور میں 30 برس کی ہو گئی ہوں اور اب اس سب کیلئے بہت بڑی ہو چکی ہوں۔تاہم بعدازاں انہوں نے انسٹاگرام پر واپسی کرتے ہوئے اپنی کچھ تصاویراپ لوڈ کی تھیں۔واضح رہے کہ انسٹا گرام پر سب سے زیادہ فالوورز حاصل کرنے والی شخصیت کی بات کی جائے تو اس فہرست میں پرتگال سے تعلق رکھنے والے شہرہ آفاق فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سب سے آگے ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 56 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے۔

 

Related Articles