سنچری کی فکر نہیں ، فارم میں واپس آنا،صرف ایک اننگز کی بات ہے: پجارا

کانپور، نومبر۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں نائب کپتان کے طور پر کھیلنے والے چیتیشور پجارا نے اپنی فارم کے سلسلے میں کہا کہ انہیں سنچری کی فکر نہیں ہے۔ ان کا کام ٹیم کے لئے بہترین بلے بازی کرنا ہے اور وہ ایسا کررہے ہیں۔ فارم میں واپس آنا صرف ایک اننگز کی بات ہے۔ پجارا نے منگل کے روزایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا، “جہاں تک میری سنچری کا تعلق ہے، یہ تب آئے گی جب آئی ۔ میرا کام ٹیم کے لیے اچھا کرنا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ میں رن نہیں بنا رہا ہوں۔ میں 50، 80 اور 90 رن کی اننگز کھیل رہا رہا ہوں۔ میں اچھی بلے بازی کر رہا ہوں اور ٹیم کے لیے اپنا تعاون دے رہا ہوں۔ مجھے اپنی سنچری کی پرواہ نہیں ہے۔ یہ ایک اننگز کی بات ہے‘‘۔33 سالہ پوجارا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ ان کی بے خوف بلے بازی سے ان کی فارم واپس آئی ہے اور وہ اب خود پر غیر ضروری دباؤ نہیں ڈالیں گے۔ انگلینڈ میں آخری ٹیسٹ سیریز میں اپنی جارحانہ بلے بازی پر انہوں نے کہا کہ جب کارکردگی کی بات آتی ہے تو مجھے لگتا ہے کہ ذہنیت کچھ مختلف تھی لیکن جب تکنیک کی بات آتی ہے تو مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بڑی تبدیلی آئی ہے۔ یہ صرف رویے کی بات تھی اور میں تھوڑا بے خوف تھا جس سے مجھے مدد ملی۔ آپ کو اپنے آپ پر زیادہ دباؤ ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے اور جو کچھ ہو رہا ہے اس کے بارے میں بہت زیادہ فکر کرنے کے بجائے صرف وہاں جائیں اور کھیل کا لطف اٹھائیں ۔ انگلینڈ کی سیریز کے دوران میری یہی ذہنیت تھی۔ ابھی تک تیاری اچھی رہی ہے اور ہندوستانی کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ اگلے چند ٹیسٹ میچوں میں مددگار ثابت ہوگا۔خیال رہے لہ پجارا نے جنوری 2019 کے بعد سے کوئی ٹیسٹ سنچری نہیں بنائی ہے، لیکن یہ ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ پجارا کی ٹیسٹ میں آخری سنچری جنوری 2019 میں بنی تھی، جو انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف بنائی تھی۔ انہوں نے اپنی آخری چھ ٹیسٹ اننگز میں صرف 133 رنز بنائے ہیں۔اس کے ساتھ ہی کانپور ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے اجنکیا رہانے بھی کچھ عرصے سے بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں، لیکن پجارا کا خیال ہے کہ وہ بڑے اسکور سے صرف ایک اننگز دور ہیں۔ پجارا نے کہا، “اجنکیا ایک عظیم کھلاڑی ہیں لیکن ایسے وقت بھی آتے ہیں جب ایک کھلاڑی مشکل وقت سے گزرتا ہے اور یہ کھیل کا حصہ ہے۔ اتار چڑھاؤ ہوں گے لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ بڑا اسکور حاصل کرنے سے صرف ایک اننگز دور ہیں۔ سنچری یا بڑی اننگز کے ساتھ ہی ، وہ فارم حاصل کرلیں گے۔

Related Articles