سلمان خان نے شاہ رخ خان سے دوستی کی ایک اور مثال قائم کردی
ممبئی-نومبر بالی ووڈ کے سلومیاں نے کنگ خان سے دوستی کی ایک اور مثال قائم کردی۔بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد سلمان خان وہ پہلے شخص تھے جو کنگ خان کو تسلی دینے ان کے گھر پہنچے تھے۔ سلمان خان کے اس قدم کو میڈیاپر بہت سراہا گیا اور اپنے اس عمل سے انہوں نے ثابت کیا کہ وہ شاہ رخ کی ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔یہاں تک کہ سلمان خان نے شاہ رخ خان سے سچی دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی فلم ’’ٹائیگر3‘‘کی شوٹنگ بھی ملتوی کردی تھی۔سلو میاں نے ایک بار پھر شاہ رخ خان سے اعلیٰ دوستی کی مثال قائم کی ہے۔دراصل سلمان خان اور شاہ رخ خان ایک دوسرے کی فلموں ’’ٹائیگر3‘‘ اور ’’پٹھان‘‘ میں کیمیو یعنی مختصر کردار ادا کررہے ہیں۔آریان خان کی گرفتاری کی وجہ سے شاہ رخ خان پہلے ہی اپنی تمام شوٹنگ کینسل کرچکے تھے۔ اب جب کہ آریان ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں تو شاہ رخ خان اس وقت صرف اور صرف اپنے بیٹے اور فیملی کو وقت دینا چاہتے ہیں اس لیے انہوں نے فی الحال کوئی بھی کام نہ کرنے کا ارادہ کیا ہے اور اسی سلسلے میں انہوں نے سلمان خان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس ماہ کوئی شوٹنگ نہیں کرنا چاہتے۔بطور دوست سلمان خان نے شاہ رخ خان کی درخواست قبول کرتے ہوئے شوٹنگ کا سخت شیڈول ایک بار پھر دسمبر تک بڑھادیا ہے۔واضح رہے کہ آریان خان کو این سی بی نے منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا اور 26 دن تک جیل میں قید رہنے بعد آریان خان کو بومبے ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔