سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے سنئیر امریکی سفارتکاروں کی ملاقات
جدہ،ستمبر۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکہ کے سنئیر سفارتکاروں نے ملاقاتیں کی ہیں۔ ملاقاتوں میں توانائی سے متعلق امور، علاقائی ترقی اور سعودی کوششوں سے امریکی قیدیوں کی روس سے رہائی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاوس کے مشرق وسطیٰ کے لیے کوآرڈینیٹر بریٹ میک گرک، توانائی کے امریکی مشیر آموس ہاچٹین اور خصوصی ایلچی برائے یمن ٹم لینڈر کنگ نے سعودی ولی عہد کے ساتھ جدہ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ معاہدات پر تبادلہ خیال کے علاوہ حالیہ جدہ کانفرنس کے حوالے سے بھی ‘فالو اپ’ کیا گیا۔ اس موقع پر توانائی، سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کے امور پر بات چیت ہوئی۔سعودی خبر رساں ادارے مطابق یمن سے متعلق امور بھی گفتگو کا اہم موضوع تھے۔ نیز امریکی سفارتکاروں نے روس سے قیدی رہا کرنے میں سعودی ولی عہد کی کوششں کی ستائش کی۔ ولی عہد کی کوششوں سے دو امریکی شہریوں سمیت دس جنگی قیدیوں کو رہائی ملی ہے۔