سعودی عرب 80 سال سے ہمارا سٹریٹجک اتحادی ہے: سینیٹر کاٹن
واشنگٹن،جولائی۔ریپبلکن سینیٹر ٹام کاٹن نے سعودی عرب اور اس کی امریکا کی حمایت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودیہ ایک سٹریٹجک اتحادی کے طور پر امریکا کی حمایت کر رہا ہے۔کاٹن نے امریکی فاکس نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے امریکی عوام کو تحفظ اور خوشحالی فراہم کرنے کے لیے امریکا کے ساتھ اسی سال تک کام کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ کو سعودی عرب کو خارج نہیں کرنا چاہیے اور (امریکی صدر) جو بائیڈن کو شروع سے ہی سعودی رہ نماؤں کے ساتھ کام کرنا چاہیے تھا، جیسا کہ امریکی صدر روزویلٹ نے کیا تھا۔ انھیں یہ کہنا چاہیے تھا کہ سعودی عرب ایک اہم اور مضبوط اسٹریٹجک اتحادی اور ایک فوجی قوت ہے جو امریکی مفادات کو درپیش ایرانی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے خطے میں امریکا کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔امریکی سینیٹر نے سعودی عرب کے بارے میں یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب دوسری طرف امریکی صدر سعودے عرب کے دورے پر ہیں۔ امریکی صدر نے کل جمعہ کی شام سعودی عرب کے دورے کے دوران مملکت کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔بائیڈن اور شاہ سلمان کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے سیشن کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دونوں ممالک کے حکام کی موجودگی میں امریکی صدر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ولی عہد اور بائیڈن کے درمیان جدہ کے السلام محل میں دو طرفہ بات چیت ہوئی۔بائیڈن جدہ کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر پہنچے تھے جہاں مکہ معظمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل اور امریکا میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے ان کا استقبال کیا۔