سعودی عرب ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں کمی پر غور کرے گا: وزیر خزانہ
ریاض،مئی۔سعودی وزیر خزانہ محمد الجادان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں کمی پر غور کرے گا۔ سعودی عرب نے 2020 میں 15 فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ کیا تھا۔کرونا وباء کے دوران تیل کی قیمت میں کمی کے باعث ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں بتدریج اضافہ کیاگیا تھا تاکہ معیشت کو سہارا دیا جاسکے۔محمد الجادان کا کہنا تھا کہ "ہم مستقبل میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں کمی کریں گے مگر ابھی فی الوقت ہم اضافی آمدن سے سعودی خزانے کو مضبوط کر رہے ہیں۔”سعودی وزیر خزانہ کے مطابق سعودی عرب مالی استحکام کی پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے یہ یقینی بنا رہا ہے کہ ملکی خزانے کے ذخائر مجموعی پیداوار [جی ڈی پی] کی ایک مخصوص حد شرح سے نیچے نہ جائیں۔سعودی وزیر خزانہ نے عالمی اقتصادی فورم کے ڈیووس میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر کہا کہ سعودی عرب مالی استحکام کی پالیسی کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔اس سے قبل سعودی عرب نے 2022 کے بجٹ کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ مالی استحکام کی پالیسی کے تحت معیشت کو تیل کی قیمت میں اتار چڑھائو کے اثرات سے لاتعلق کرنے کے لئے مختلف معاشی فیصلے کئے جائینگے جن کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔جادان کے مطابق اضافی امدن سعودی عرب کے 600 ارب ڈالر کے خود مختار فنڈ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اور قومی ترقیاتی فنڈ کا حصہ بن جائے گا۔سعودی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ "پچھلے پانچ سال کے دوران ہم نے خزانے سے ایک کھرب ریال خرچ کئے ہیں اور ہم اب تک اس خزانے کو دوبارہ بھر رہے ہیں۔