سعودی عرب میں کرونا وبا کے بعد پہلے غیر ملکی حاجیوں کی آمد
ریاض،جون۔سعودی حکام نے گزشتہ روز غیر ملکی حاجیوں کے پہلے وفد کا استقبال کیا۔ حاجیوں کا یہ وفد کرونا وبا کی پابندیوں اٹھائے جانے کے بعد حج کے لئے آنے والا پہلا غیر ملکی گروپ ہے۔سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے مطابق انڈونیشیا کے حاجیوں کا یہ گروپ مدینہ میں لینڈ کیا ہے اور اسے آنے والے دنوں میں مکہ چلے جائیں گے جہاں اگلے ماہ حج کی ادائیگی کریں گے۔وزارت حج کے ایک عہدیدار محمد البجاوی نے الاخباریہ چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اس سال انڈونیشیا کے حاجیوں کے وفد کا استقبال کیا ہے اور ملائیشیا اور بھارت سے حاجیوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے تیاریوں میں مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کرونا کے سبب دو سالہ وقفے کے بعد اللہ کے مہمانوں کا استقبال کرنے پر بہت خوش ہیں۔کرونا سے قبل سنہ 2019 میں تقریبا 25 لاکھ افراد نے حج کی ادائیگی کی سعادت حاصل کی تھی۔مگر کرونا کے سبب 2020 میں سعودی حکام نے اعلان کیا کہ صرف ایک ہزار افراد کو حج کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے بعد اگلے سال یعنی 2021 میں سعودی عرب کے رہائشی اور مقیمین میں سے 60 ہزار ویکسین یافتہ افراد کو لاٹری کے ذریعے سے حج کے لئے چنا گیا۔اس سے پہلے ماہ اپریل میں سعودی حکومت نے رواں سال کی حج پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اندرون اور بیرون ملک سے دس لاکھ افراد کو حج کی اجازت دی جائے گی۔اس سال حج کی اجازت صرف ان افراد کو دی گئی ہے جن کی عمر 65 سال سے کم ہے اور وہ کرونا کی تمام ویکسینز لگوا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ حاجیوں کو سفر سے تین دن قبل کا منفی کرونا ٹیسٹ جمع کروانا لازمی ہوگا۔