سعودی عرب میں برقی کارساز لوسیڈ کی فیکٹری کو3.4 ارب ڈالر کی مراعات ملیں گی
ریاض،مئی ۔ لوسیڈ گروپ انکارپوریٹڈ کو سعودی عرب میں اپنی منصوبہ بند فیکٹری کے لیے اگلے 15 سال کے دوران میں تین ارب چالیس کروڑ ڈالر کی مالی معاونت اور مراعات ملیں گی۔اس فیکٹری میں سالانہ 155,000 الیکٹرک گاڑیاں تیار ہوں گی۔اس سلسلے میں بدھ کو ایک سمجھوتے پر دست خط کیے گئے ہیں اوراس موقع پر اس کی کچھ تفصیل منظر عام پر آئی ہے۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر نیوآرک میں قائم برقی گاڑیاں بنانے والی کمپنی بیرون ملک اپنے دوسرے پیداواری یونٹ کی تیاری کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب اپنے خود مختار دولت فنڈ کے ذریعے لوسیڈ کے اکثریتی حصص کا مالک ہے۔اس نے حال ہی میں اگلے 10 سال میں لوسیڈ سے ایک لاکھ تک الیکٹرک گاڑیاں خریدکرنے کا اعلان کیا ہے۔لوسیڈ کے چیئرمین اینڈریو لیورس نے جنوری میں بلومبرگ ٹی وی کو بتایا تھا کہ کمپنی کو امید ہیکہ 2026ء تک سعودی عرب میں اس کی فیکٹری چالوحالت میں ہوگی اور پیداوار شروع کردے گی۔سعودی عرب میں لوسیڈ کی فیکٹری بحیرہ احمر کی بڑی تجارتی بندرگاہ کے قریب شاہ عبداللہ اکنامک سٹی میں واقع ہوگی اور اس سال کے آخر میں اس کا تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا۔