سعودیہ اور سپین کے درمیان بحری جنگی جہازوں کی تیاری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
ریاض،دسمبر۔سعودیہ اور سپین کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت سپین سعودی بحریہ کے لیے بحری جنگی جہاز تیار کرے گا۔ سعودی ویڑن 2030 کے مطابق ان جنگی بحری جہازوں کی تیاری مقامی طور پر کیا جائے گی۔سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سپین کی جہاز ساز کمپنی ناونتیا کے تیار کردہ یہ بحری جنگی جہاز کثیر الجہت جنگی ضرورتوں کو پورا کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوں گے۔سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے اس بارے میں کہا ہے مقصد شاہی بحریہ کوہر طرح کے چلینجوں کے لیے تیار رکھنا ، بحری سلامتی کے لیے صلاحیتوں کو بڑھاوا دینا اور علاقائی سطح پر سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق سپین کی کمپنی جہاز سازی کا یہ کام سوفیصد مقامی انداز میں کرے گی۔ جہاز میں ایک مربوط جنگی نظام کے علاوہ جہازوں کی مرمت کا نظام بھی سعودی بحریہ کے ساتھ مطابقت کا حامل ہو گا۔سعودی فوجی صنعتوں سے متعلق اتھارٹی کے سربراہ احمد العوھلی نے اس دستخط شدہ ایم او یو کے بارے میں کہا یہ یادداشت فوجی صنعت میں مقامی ترقی اور خود کفالت کے ویڑن 2030 کے طے کردہ اہداف کی طرف پیش رفت ثابت ہوگی۔واضح رہے مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کے لیے منعقدہ تقریب میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور سپین کے وزیر صنعت و تجارت نے شرکت کی۔