سری لنکا کی بحریہ نے چھ ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا
رامیشورم، جولائی ۔سری لنکائی بحریہ نے چھ ہندوستانی ماہی گیروں کو مبینہ طور پر بین الاقوامی میری ٹائم باؤنڈری لائن (آئی ایم بی ایل) کی خلاف ورزی کرنے اور ان کے پانیوں میں غیر قانونی طور پر مچھلیاں پکڑنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ تمل ناڈو کے ماہی گیری کے حکام نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ رامیشورم سے تعلق رکھنے والے ماہی گیروں کو بدھ کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ منار کے قریب سری لنکا کے پانیوں میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے۔ گرفتار ماہی گیروں کو ماہی گیری کی ایک کشتی کے ساتھ تلیمنار لے جایا گیا اور بعد میں قانونی کارروائی کے لیے جافنا کے ماہی گیری کے محکمے کے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ماہی گیروں کی شناخت تھانگاپنڈی (55)، مدوگو پچائی (45)، بالامورگن (45)، انٹونی (38)، ارجنن (23) اور راجہ (21) کے طور پر کی گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کل صبح تقریباً 3000 ماہی گیر رامیشورم سے مچھلی پکڑنے کے لیے سمندر میں گئے تھے۔ سری لنکا کی بحریہ نے رواں ماہ اب تک کل 29 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے اور مچھلی پکڑنے والی چار کشتیوں کو ضبط کیا ہے۔