سدھو موسے والا کے قتل کیس میں تیسرا ملزم گرفتار کر لیا گیا
ہریانہ،جون۔ آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی، سدھو موسے ولا کے قتل میں ملوث تیسرا ملزم ہریانہ کے فتح آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کیس میں گزشتہ رات ایک اور مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔دیویندر عرف کالا کی گرفتار ی ہریانہ کے فتح آباد سے ہوئی جو دو دیگر گرفتار مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کالا نے 16-17 مئی کو دو مشتبہ قاتل یشو اور چرنجیت اپنے گھر میں پناہ دی تھی۔واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس نے دو افراد پون اور نصیب کو بھیرڈانہ سے گرفتار کیا تھا، جس کے ساتھ ہی فتح آباد ضلع سے اس معاملے میں تیسری گرفتاری ہوئی۔اس معاملے میں پہلی گرفتاری گزشتہ منگل کو گلوکار کی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد اتراکھنڈ سے منپریت کی تھی۔یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو پنجاب کے ضلع مانسا میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی براڑ نے فیس بک پوسٹ میں قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔