زندگی کے آخری سالوں میں لتا منگیشکر تنہائی سے بھاگنا چاہتی تھیں: دھرمیندر
ممبئی،فروری۔بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر نے کہا ہے کہ اْنہوں نے محسوس کیا کہ اپنی زندگی کے آخری سالوں میں لتا منگیشکر تنہائی سے بھاگنا چاہتی تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دھرمیندر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ اْنہوں نے گلوکارہ لتا منگیشکر کی زندگی کے آخری سالوں میں بہت گفتگو کی۔دھرمیندر نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’جب مجھے معلوم ہوا تھا کہ لتا منگیشکر میرے لیے ’آپ کی نظروں نے سمجھا‘گانا گائیں گی تو میں پْرجوش تھا، میں نے سوچا کہ میں کس کو بتاؤں۔‘اداکار نے کہا کہ ’میں نے سب کو خط لکھا کہ لتا دیدی میرے لیے گانا گائیں گی اور میں اْنہیں گاتے ہوئے دیکھنے کے لیے اسٹوڈیو گیا اور مجھے بہت خوشی ہوئی۔‘اْنہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد لتا دیدی کے ساتھ ایک خاص رشتہ بن گیا، ہم بہت باتیں کرتے تھے جبکہ اْن کی زندگی کے آخری برسوں میں، میں نے محسوس کیا کہ وہ تنہائی سے بھاگنا چاہتی تھیں۔‘دھرمیندر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ ممبئی کے شیواجی پارک میں لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے تین بار تیار ہوئے لیکن جانے کی ہمت نہیں کر سکے۔واضح رہے کہ فنِ گلوکاری کے ذریعے بھارتی فلم نگری پر طویل عرصے سے راج کرنے والی بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر حال ہی میں انتقال کر گئیں۔92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔انتقال سے چند روز قبل زیرِ علاج گلوکارہ لتا منگیشکر کی طبیعت دوبارہ بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔