زندگی میں کچھ ایسے مرد بھی ہیں جو میری کامیابی سے خوش نہیں، پریانکا چوپڑا
ممبئی،اپریل۔ بھارتی نڑاد امریکی اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی میں ایسے مرد بھی ہیں جو ان کی کامیابی سے اِن سکیور ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں پریانکا چوپڑا نے بالی ووڈ میں صنفی بنیاد پر مرد اور خواتین کے درمیان معاوضوں میں فرق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ سب کو ایک جیسا ہی کامیاب ہونا چاہیے اور برابر معاوضہ ملنا چاہیے مگر ہر کوئی ایسا نہیں چاہتا۔انٹرویو کے دوران پریانکا نے کہا کہ مرد یہ دیکھ کر خوفزدہ ہو جاتے ہیں کہ کوئی عورت ان سے زیادہ کامیاب ہے۔ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کی زندگی میں بھی بہت سے مرد ایسے ہی جو ان کی کامیابی پر خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔پریانکا کا کہنا تھا کہ ’جہاں میری زندگی میں ایسے بہترین مرد ہیں جو میری کامیابیوں پر خوش ہیں وہیں کچھ ایسے مرد بھی ہیں جنہیں میری کامیابی کھٹکتی ہے۔‘اداکارہ نے اپنے خاندان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں ایک وقت ایسا بھی تھا جب ان کی والدہ والد سے زیادہ کمایا کرتی تھیں مگر وہ اسے ایک یونٹ سمجھتے تھے کیونکہ جو بھی کمائی ہو گھر ہی آرہی تھی۔پریانکا کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے شوہر نک جونس پر فخر ہے کیونکہ وہ انہیں کام کے محاذ پر خود مختاری اور آزادی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھے فخر ہوتا ہے جب میں ریڈ کارپٹ پر اپنے شوہر کے ساتھ چلتی ہوں اور وہ خود ایک طرف ہو کر مجھے مرکزی اسٹیج دیتے ہیں۔‘پریانکا چوپڑا نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے بیٹوں کو سکھانا چاہیے کہ ان چیزوں سے اِن سکیور نہ ہوں۔ ہمیں انہیں سکھانا چاہیے کہ جب تکلیف ہو تو رونے میں کوئی شرم نہیں اور اپنی ماؤں، بہنوں اور بیوی کو توجہ کا مرکز بننے دینے میں بھی کوئی شرم نہیں ہے۔یاد رہے کہ پریانکا جلد اپنی نئی ہالی ووڈ فلم ’Citadel‘ میں مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی جس میں انہیں فلم کے ہیرو کے مساوی معاوضہ فراہم کیا گیا ہے۔