ریلیوں پر اسرائیلی فوج کے تشدد سے 86 فلسطینی زخمی
غب اردن،نومبر۔مرحوم فلسطینی لیڈر یاسرعرفات کی17 ویں برسی کے موقعے پر مقبوضہ مغرب کنارے کے وسطی شہر رام اللہ البیرہ، نابلس، بیتا اور بیت دجن میں نکالی جانے والی ریلیوں پر قابض اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 86 فلسطینی زخمی ہوگئے جب کہ درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ہلال احمر سوسائٹی نے رپورٹ میں بتایا کہ بیتا میں پانچ غیرملکی رضاکاروں کو دھاتی گولیوں سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔ اس کے عملے نے آنسو گیس سے 62 اور ربڑ کی گولیوں سے 14 زخمیوں کا علاج کیا۔ ان میں سے بعض کو شدید نوعیت کی چوٹیں آئی تھیں جس پر انہیں رام اللہ کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گرنے، منتشر ہونے اور دیگر کی وجہ سے 6 چوٹیں ریکارڈ کی گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق قابض فوج نے درجنوں نوجوانوں پر ربڑ کی کوٹیڈ دھاتی گولیاں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جو "بیت ایل” یہودی بستی کی طرف مارچ کر رہے تھے۔قابض فوجیوں نے مظاہرین کو گھیرے میں لے کر ان پر گھات لگا کر شیلنگ کی اوران میں سے متعدد کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔