روس کا سب سے بڑا فوجی قافلہ کیف کے قریب پہنچ گیا

کیف/واشنگٹن،مارچ۔روس کا سب سے بڑا فوجی قافلہ آج جمعے کو علی الصباح یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریب پہنچ گیا۔امریکی سیٹلائٹ کی تصاویر سے ظاہر ہو رہا ہے کہ روس کے اس بڑے فوجی قافلے نے کیف کے مغرب میں انتونوف ہوائی اڈے کے نزدیک اپنی صفوں کو اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔ تصاویر سے واضح ہوا ہے کہ روسی قافلے کے فوجیوں کو از سر نو تعینات کیا جا رہا ہے۔البتہ مغربی رپورٹوں میں روسی فوجی قافلے کی کیف سے دوری کی مسافت کے حوالے سے متضاد خبریں آ رہی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ روسی قافلہ یوکرین کے دارالحکومت سے 5 سے 40 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔ایک امریکی ذمے دار نے NBC نیوز چینل کو بتایا کہ امریکی انٹیلی جنس کے اندازے کے مطابق آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں روس کو کیف پر کنٹرول حاصل ہو سکتا ہے۔ ذمے دار کے مطابق روس کو عسکری طور پر کافی بڑی برتری حاصل ہے تاہم اس کے آپریشن میں اس مؤثر رابطہ کاری کا فقدان نظر آ رہا ہے جو کسی بڑی فوج کا خاصہ ہوتا ہے۔ادھر امریکی وزارت خارجہ نے باور کرایا ہے کہ یوکرین پر جلد قبضے کے حوالے سے روسی صدر ولادی میر پوتین کے منصوبے ناکام ہو چکے ہیں۔امریکی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی CIA کے سربراہ ولیم بیرنز نے جمعرات کے روز کہا کہ اگرچہ روسی صدر ولادی میر پوتین نے اپنے ملک کے اندر ذرائع ابلاغ پر کنٹرول سخت کر دیا ہے تاہم وہ یوکرین میں ہونے والے واقعات کی حقیقت ہمیشہ کے لیے نہیں چھپا سکتے۔ ایسے بہت سے روسی ہیں جن کے پاس موجود انٹرنیٹ کنکشنز پر نگرانی نہیں ہے۔ وہ یوٹیوب تک رسائی حاصل کر کے وہاں سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں … روسی عوام زخمی اور ہلاک فوجیوں کی وطن واپسی پر حقیقت خود جان لیں گے ۔

 

 

Related Articles